QR CodeQR Code

وفاق جی بی انتخابات کے روز اور اس سے قبل دھاندلی نہ کرتا تو نتائج مختلف ہوتے، جہانگیر ترین

21 Jun 2015 15:04

اسلام ٹائمز: اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات کے دوران بھی مسلم لیگ نواز دھاندلی سے باز نہیں آئی، جبکہ عام انتخابات میں کی گئی دھاندلی کے شواہد قوم کے سامنے آچکے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سنٹرل آرگنائزر جہانگیر ترین نے مسلم لیگ نواز کی جانب سے گلگت بلتستان میں انتخابات کے دوران دھاندلی کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اہم شواہد میڈیا کے سامنے پیش کئے ہیں۔ اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات کے دوران بھی مسلم لیگ نواز دھاندلی سے باز نہیں آئی، جبکہ عام انتخابات میں کی گئی دھاندلی کے شواہد قوم کے سامنے آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی کمیشن میں درجن بھر ریٹرننگ افسران کی جانب سے فارم 15 کے حوالے سے پیش کردہ ریکارڈ شکوک و شبہات سے خالی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتی کمیشن کو الیکشن کمیشن سے فارم 15 سے متعلق طلب کی گئی تفصیلات ابھی تک فراہم نہیں کی گئی، جبکہ خانیوال کے ریٹرننگ افسر کی جانب سے پیش کئے گئے ریکارڈ کو واپس کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز کیلئے دھاندلی کے ذریعے ہی کامیابی ممکن ہوئی۔ اگر وفاقی حکومت اور اس کے کارندے گلگت بلتستان میں انتخابات کے روز اور اس سے قبل دھاندلی نہ کرتے تو نتائج مختلف ہوتے۔ اپنی گفتگو کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے زور دے کر کہا کہ جمہوریت کی آڑ میں لوٹ مار کا بازار گرم نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے دھاندلی زدہ انتخابات کو قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 468120

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/468120/وفاق-جی-بی-انتخابات-کے-روز-اور-اس-سے-قبل-دھاندلی-نہ-کرتا-نتائج-مختلف-ہوتے-جہانگیر-ترین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org