0
Sunday 21 Jun 2015 22:55

ٹرین کے ذریعے کوئٹہ آنیوالے بچوں کی پولیو ویکسینیشن کا عمل شروع

ٹرین کے ذریعے کوئٹہ آنیوالے بچوں کی پولیو ویکسینیشن کا عمل شروع
اسلام ٹائمز۔ پاکستان ریلوے نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشنوں پر دن میں 2 مرتبہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بلوچستان ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کے آفیشلز نے بتایا کہ ایک پولیو ٹیم نے صبح کے اوقات میں دوسرے صوبوں کے لئے روانہ ہونے والی 4 ٹرینوں میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جبکہ دوسری ٹیم شام کے اوقات میں بذریعہ ٹرین کوئٹہ آنے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گی۔ پاکستان ریلوے کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ فیاض بگٹی کے مطابق بلوچستان کو پولیو سے پاک کرنے کے لئے ای او سی کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔ دوسری جانب ای او سی کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سید سیف الرحمان کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے انسدادِ پولیو ٹیموں کو سفر کرنے والے بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلانے میں مدد ملے گی۔ یاد رہے کہ بلوچستان حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں پولیو وائرس کے خطرے کے پیش نظر "ایمرجنسی" کا اعلان کیا جاچکا ہے۔

بلوچستان کے محکمہ صحت کی جانب سے کوئٹہ، قلعہ عبداللہ اور پشین کی 45 یونین کونسلز کو پولیو کے حوالے سے انتہائی خطرناک قرار دیا گیا ہے اور صوبائی محکمہ صحت نے ان یونین کونسلز میں پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو بھی پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق پولیو وائرس دنیا کے صرف تین ممالک پاکستان، افغانستان اور نائجیریا میں موجود ہے جبکہ اس ادارے کی جانب سے پاکستان پر گذشتہ برس سفری پابندیاں بھی عاید کی گئی تھیں۔ تاہم عالمی ادارہ صحت کی حالیہ رپورٹ کےمطابق پاکستان میں پولیو کیسز میں بتدریج کمی آئی ہے اور یکم جنوری کے بعد سے صرف 24 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو گذشتہ سال کے مقابلے میں 70 فیصد کم ہیں، جب اسی دورانیے میں 84 کیسز سامنے آئے تھے۔ گذشتہ سال ملک میں اس مرض کے 306 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 468161
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش