0
Monday 22 Jun 2015 14:21

میرا بیان مشرف کیلئے تھا، سابق جرنیل پر بینظیر قتل کا مقدمہ واپس نہیں لینگے، آصف زرداری

میرا بیان مشرف کیلئے تھا، سابق جرنیل پر بینظیر قتل کا مقدمہ واپس نہیں لینگے، آصف زرداری
اسلام ٹائمز۔ سابق صدر مملکت اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو کے قتل میں ملوث تمام افراد ہلاک ہو چکے ہیں، انھوں نے ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کا نام لئے بغیر کہا کہ ایک تم اب تک زندہ ہو، شہید بے نظیر بھٹو نے اپنی زندگی میں ہی تمہیں اپنا قاتل قرار دے دیا تھا۔ یہ بات انھوں نے شہید بینظیر بھٹو کے 62 ویں یوم پیدائش کے موقع پر نوڈیرو ہاؤس میں منعقدہ افطار ڈنر اور سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ آصف زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، جبکہ شہید بے نظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کو پاکستان میں متعارف کروا کر اسے تقویت دلوائی، شہید بے نظیر بھٹو ذوالفقار علی بھٹو کی شاگرد تھیں، اور انھیں سے تعلیم حاصل کرکے انھوں نے ملک اور عوام کی خدمت کی۔ انھوں نے کہا کہ میں اور میرے بچے بھی عوامی طاقت کے بل بوتے پر ہی عوام کے درمیان موجود ہیں، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خودمختار ہیں، وہ الیکشن میں حصہ لیںگے، اور یہ بھی ان کی صوابدید ہے کہ وہ پاکستان کے کس حلقے سے انتخابات میں حصہ لیںگے۔

آصف علی زر داری نے کہا کہ بینظیر قتل کیس میں ایک سابق جنرل پر ایف آئی آر ہے، اور جنرل کے شریک ملزمان پر بھی مقدمہ چل رہا ہے، کوئی کتنا بھی دباؤ ڈالے، ہم ایف آئی آر واپس نہیں لے سکتے، ایف آئی آر نہ میں نے لکھوائی نہ کسی اور نے، یہ بینظیر نے خود لکھوائی ہے، جھگڑے اور مسئلے اس قسم کے ہیں، لوگوں کو دکھایا کچھ اور جا رہا ہے، محترمہ کو شہید کرنے والے تمام افراد اپنے انجام کو پہنچ گئے، صرف ایک باقی ہے، کسی کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں، بینظیر کے بچے اور عوام میرے ساتھ کھڑے ہیں، بے نظیر بھٹو نے مرنے سے قبل لکھوایا تھا کہ اگر مجھے کچھ ہوا، تو اس کا ذمہ دار مشرف ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ میرے خلاف باتیں کی جاتی ہیں کہ میں فوج کیخلاف بیان دیتا ہوں، میرے بیان کا تعلق اس سابق جنرل سے ہے، جس کیخلاف بینظیر بھٹو شہید نے اپنی موت سے پہلے قتل کی ایف آئی آر درج کروائی، لیکن یہ کچھ اور طریقے سے پیش کیا گیا۔


بعد ازاں آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، بختاور بھٹو، فریال تالپور، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید و دیگر نے شہید بے نظیر بھٹو کی 62 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔ دوسری جانب شہید بے نظیر بھٹو کی سالگرہ تقریب میں مدعو کئے گئے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد شام 5 بجے نو ڈیرو ہاؤس کے دروازے بند کر دیئے جانے کے بعد تقریب میں شریک نہ ہو سکی، جن میں سے کئی جیالوں، کارکنوں کی جانب سے سالگرہ تقریب میں شرکت کیلئے زبردستی اندر جانے کی ضد پر ان پر پولیس اور نوڈیرو ہاؤس کے سیکیورٹی گارڈز کی جانب سے لاٹھی چارج بھی کیا گیا، جس سے تقریب میں بدمزگی بھی ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 468257
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش