0
Wednesday 24 Jun 2015 12:55

کراچی میں قبریں نایاب اور گورکن مافیا سرگرم، فی قبر 10 سے 50 ہزار روپے تک وصول کرنے لگے

کراچی میں قبریں نایاب اور گورکن مافیا سرگرم، فی قبر 10 سے 50 ہزار روپے تک وصول کرنے لگے
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے قبرستانوں میں تدفین کیلئے قبریں نایاب اور گورکن مافیا سرگرم ہو گئی ہے، قبرستانوں میں قبروں کے حصول کیلئے لوگوں کی لائنیں لگ گئیں، جبکہ فی قبر 10 ہزار سے 50 ہزار روپے تک وصول کئے جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں شدید گرمی اور حبس کے نتیجے میں 1200 سے زائد ہلاکتوں کے بعد لوگ اپنے پیاروں کی تدفین کیلیے مارے مارے پھر رہے ہیں، قبرستان قبروں سے مکمل طور پر بھر گئے ہیں، اور قبرستانوں میں قبروں کیلئے جگہ دستیاب نہیں ہے، قبرستانوں میں بھی سفارشی کلچر عام ہے، اور صرف رشوت دے کر قبروں کیلئے جگہ فراہم کی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز بھی شہر کے قبرستانوں سخی حسن قبرستان، پاپوش نگر قبرستان، عیسیٰ نگری قبرستان، میوہ شاہ قبرستان، ماڈل کالونی قبرستان، ریڑھی گوٹھ قبرستان، ابراہیم حیدری قبرستان، کورنگی قبرستان، نیو کراچی، شاہ فیصل کالونی و دیگر قبرستانوں میں لوگوں کا رش دیکھنے میں آیا۔

لوگ اپنے پیاروں کی تدفین کیلئے قبرستان آئے، لیکن ان کو بتایا گیا کہ قبرستان قبروں سے بھر چکے ہیں اور تدفین کیلئے جگہ دستیاب نہیں ہے، جس کے بعد لوگ اپنے پیاروں کی میتوں کو لیکر دوسرے قبرستانوں کی طرف روانہ ہوگئے، لیکن ان قبرستانوں میں جن لوگوں نے بھاری رشوت دینے کی پیشکش کی، گورکنوں نے رشوت لیکر ان کو قبروں کی جگہ فراہم کر دی۔ لوگوں نے شکایت کی کہ عیسیٰ نگری قبرستان میں فی قبر 50 ہزار روپے تک رشوت وصول کی گئی۔ شہر کے بیشتر قبرستانوں کے باہر بورڈ لگا دیئے گئے ہیں کہ قبرستان قبروں سے بھر چکے ہیں، لہٰذا میتوں کو دوسرے قبرستانوں کو لے جایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 468793
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش