QR CodeQR Code

گلگت بلتستان کے 33 نومنتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھا لیا

25 Jun 2015 00:22

اسلام ٹائمز: جی بی قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر وزیر بیگ نے نو منتخب ارکان سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے والوں میں چوبیس منتخب ارکان سمیت خواتین اور ٹیکنو کریٹ کی مخصوص نشستوں پر نامزد نو ارکان بھی شامل ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان کا پہلا اجلاس آج منعقد ہوا، جس میں نومنتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھایا۔ قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان کے اسپیکر وزیر بیگ نے نو منتخب ارکان سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے والوں میں چوبیس منتخب ارکان سمیت خواتین اور ٹیکنو کریٹ کی مخصوص نشستوں پر نامزد نو ارکان بھی شامل ہیں۔ حلف برداری کی تقریب میں اعلٰی عدلیہ کے جج صاحبان، مختلف محکموں کے سربراہان، عمائدین اور صحافی کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ کل کے اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر جبکہ پرسوں وزیراعلٰی کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ مسلم لیگ نون کی مرکزی قیادت کی جانب سے اسپیکر کے لئے حاجی فدا محمد ناشاد، ڈپٹی اسپیکر جعفر اللہ خان اور وزارت اعلٰی کے لئے حافظ حفیظ الرحمٰن نامزد ہوچکے ہیں۔ حلف برداری کی تقریب کے بعد ایوان سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ نو منتخب ارکان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے کہ گلگت بلتستان  کو آئینی حقوق دیئے جائیں۔ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں نمائندگی دے کر انہیں بھی قومی دھارے میں شامل کیا جائے، جس کے لئے نو منتخب ارکان کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری حاصل ہے۔


خبر کا کوڈ: 468962

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/468962/گلگت-بلتستان-کے-33-نومنتخب-ارکان-اسمبلی-نے-حلف-اٹھا-لیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org