0
Thursday 25 Jun 2015 09:50

چاہے میری جان چلی جائے ظالم اور باطل قوتوں کے آگے سر نہیں جھکاؤں گا، الطاف حسین

چاہے میری جان چلی جائے ظالم اور باطل قوتوں کے آگے سر نہیں جھکاؤں گا، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ چاہے کیسا ہی ظلم و جبر اختیار کیا جائے، ظالم اور باطل قوتوں کے آگے سر نہیں جھکاؤں گا۔ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی اور تنظیمی شعبہ جات کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ غریبوں اور متوسط طبقہ کی واحد نمائندہ جماعت ایم کیو ایم کو کچلنے اور ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، چاہے کیسا ہی ظلم و جبر اختیار کر لیا جائے، ظالم اور باطل قوتوں کے آگے سر نہیں جھکاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر دور میں امن و محبت کا پیغام دیا، اور محروم لوگوں کے حقوق کی بات کی، لیکن ہمیں تعصب کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اسی طرح کی نفرت اور تعصب نے ملک کو دولخت کر دیا، لیکن اس سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا گیا، اور آج بھی اسی طرح کا تعصب برتا جا رہا ہے۔

الطاف حسین نے کہا کہ میں نے پیسے اور لوٹ مار کی سیاست نہیں کی، اگر میں پیسے کمانے والا ہوتا تو آج میں ملک کا امیر ترین انسان ہوتا، ملک کا واحد رہنما ہوں کہ جس کا نہ تو پورے پاکستان میں کوئی ذاتی گھر ہے، اور نہ ہی پوری دنیا میں کہیں کوئی جائیداد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے دشمن عناصر تحریک کو ختم کرنے کے درپے ہیں، لیکن میں کسی بھی قیمت پر اپنی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوں گا، چاہے میری جان چلی جائے، لیکن کسی بھی قیمت پر باطل قوتوں کے آگے نہیں جھکوں گا۔ انہوں نے ذمہ داروں سے کہا کہ یہ آزمائش کا وقت ہے، آپ چاہیں تو حالات کے جبر کے باعث میرا ساتھ چھوڑ دیں، اس پر اراکین رابطہ کمیٹی اور تمام شعبہ جات کے ارکان نے الطاف حسین سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چاہے کچھ بھی ہو جائے، ہم آپ کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔
خبر کا کوڈ : 469018
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش