0
Thursday 25 Jun 2015 21:06

میانوالی، امام خمینی ٹرسٹ کی طرف سے 180 ہینڈ پمپ اور 1500گھروں میں راشن کی تقسیم

میانوالی، امام خمینی ٹرسٹ کی طرف سے 180 ہینڈ پمپ اور 1500گھروں میں راشن کی تقسیم
اسلام ٹائمز۔ رمضان المبارک کی مناسبت سے امام خمینی ٹرسٹ کے زیر اہتمام 4 اضلاع میں 180 ہینڈ پمپ فراہم کیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امام خمینی ٹرسٹ ماڑی انڈس کے زیر اہتمام میانوالی، ڈیرہ اسماعیل خان، بھکر اور لیہ میں غریب و نادار افراد کے گھروں میں پانی کے 180 ہینڈ پمپ فراہم کئے گئے۔ چیئر مین امام خمینی ٹرسٹ افتخار نقوی کا کہنا ہے کہ اب تک ہمارا ٹرسٹ 2220 پانی کے ہینڈ پمپ فراہم کر چکا ہے۔ اسی طرح امام خمینی ٹرسٹ کے زیر اہتمام ماہ رمضان میں ضلع میانوالی کے 1500 گھروں میں راشن بھی تقسیم کیا جا رہا ہے۔ امام خمینی ٹرسٹ کے انتظامی امور کے انچارج سجاد حسین، سید ابرار حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی ٹرسٹ ماڑی انڈس میانوالی ہر سال ضلع میانوالی کے غریب و نادار افراد کے گھروں میں راشن تقسیم کرتا ہے، ماہ رمضان میں غریب و نادار افراد کے گھروں میں راشن تقسیم کرنے کا مقصد صرف یہی ہے کہ یہ لوگ بھی ماہ رمضان میں اچھے طریقے سے سحری و افطاری کر کے ماہ رمضان کی برکتیں سمیت سکیں۔ سجاد حسین نے کہا کہ امام خمینی ٹرسٹ کی کوشش رہی ہے کہ زندگی کے ہر شعبہ میں لوگوں کی مدد کی جائے تا ہم وسائل کی کمی کی وجہ سے تمام مستحق لوگوں کو مدد نہیں پہنچائی جا سکتی، تا ہم اگر اہل ثروت حضرات تعاون کریں تو امام خمینی ٹرسٹ اپنی خدمات کا دائرہ کار مزید وسیع کر سکتا ہے۔ سجاد حسین کا کہنا تھا کہ مخیر حضرات ماہ رمضان کے بابرکت اور عظمتوں والے مہینے میں اپنے ثواب کو بڑھانے کے لئے غریب و نادار افراد کے گھروں میں راشن پہنچائیں اگر آپ یہ ذمہ داری ہمیں سونپتے ہیں تو ہم آپ کی طرف سے بھیجا گیا سامان انتہائی مستحق لوگوں تک پہنچائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 469073
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش