0
Thursday 25 Jun 2015 21:29

واشنگٹن، امریکہ کا چینی حکام سے مذاکرات میں سائبر حملوں پر تحفظات کا اظہار

واشنگٹن، امریکہ کا چینی حکام سے مذاکرات میں سائبر حملوں پر تحفظات کا اظہار
اسلام ٹائمز۔ امریکی دارالحکومت میں چینی حکام کیساتھ مذاکرات کے اختتام پر اپنے خطاب میں امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے کہا کہ دونوں ممالک سائبر دنیا کا ضابطۂ اخلاق وضع کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ سائبر چوریوں اور ان کے حکومتی ایما پر ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں بات چیت بغیر کوئی الزام عائد کیے ہوئی، جس میں یہ غور بھی ہوا کہ کیا یہ کام انفرادی طور پر ہیکرز کا ہے، جن کے خلاف حکومتیں کارروائی کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ جان کیری کا کہنا تھا کہ امریکہ نے چین پر قطعی طور پر واضح کر دیا ہے کہ وہ ایسے حملے برداشت نہیں کرے گا اور یہ امریکہ کے لیے قابلِ قبول نہیں ہیں۔ امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ہمیں یہ طے کرنا ہو گا کہ ہم دو طرفہ تعلقات کے تناظر میں کس طرح اس معاملے کو حل کرتے ہیں۔ دوسری طرف مذاکرات میں شریک چینی سٹیٹ قونصلر یانگ جائچی کا کہنا تھا کہ امریکہ کو حقائق کا احترام کرنا چاہیے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ چین ہیکرز کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے اور سائبر سکیورٹی کے معاملے پر امریکہ سے تعاون کے لیے تیار ہے۔

واشنگٹن میں ہونے والے دو روزہ مذاکرات کے اختتام پر وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکی صدر نے چین کو اسکی سائبرسرگرمیوں پر امریکی تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق صدر اوباما نے چین پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کرے۔ واضح رہے کہ امریکہ ماضی میں چین پر اپنے حکومتی اورتجارتی کمپیوٹرنظام کو ہیک کرنے کے الزامات لگاتا رہا ہے، رواں ماہ کے آغاز میں بھی چین پر اس سائبر حملے میں ملوث ہونے کے الزامات لگائے گئے تھے، جس میں امریکہ کے 40 لاکھ سابق اور موجودہ وفاقی ملازمین کی معلومات چرا لی گئی تھیں۔
خبر کا کوڈ : 469233
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش