0
Tuesday 30 Jun 2015 16:16

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام فیڈرل بی ایریا میں القدس کلچر شو اور تصویری نمائش کا اہتمام

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام فیڈرل بی ایریا میں القدس کلچر شو اور تصویری نمائش کا اہتمام
اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام کراچی کے علاقے فیڈر بی ایریا بلاک 20 میں فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت اور رمضان المبارک میں یوم القدس کی مناسبت سے القدس کلچر شو اور تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا، واضح رہے کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے رمضان المبارک میں یوم القدس کی مناسبت سے ’’القدس امت اسلامی کا مرکز و محور‘‘ مہم کا آغاز کر دیا ہے جس سلسلے میں مختلف پروگرام ترتیب دئیے گئے ہیں تاہم فیڈرل بی ایریا میں لگائی جانے والی تصویری نمائش اور القدس شو بھی اسی مہم کا حصہ ہیں۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت فیڈرل بی ایریا کراچی میں فلسطینی تاریخ اور جدوجہد آزادی پر لگائی جانے والی تصویری نمائش میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے صیہونی مظالم کی عکاسی کرتی ہوئی تصاویر کا معائنہ کیا۔ شرکاء میں خواتین اور بچوں سمیت نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل تھی، اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے عوام کی آگہی کے لئے تاریخ فلسطین پر مکمل دستاویزی فلم بھی چلائی گئی جبکہ بچوں کے لئے خصوصی طور پر ایک سی ڈی کا اجراء کیا گیا جس کا عنوان ’’کارٹون اچھے بھی ہوتے ہیں‘‘ تھا۔ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی تصویر کشی کرنے کے لئے لگائی گئی تصویری نمائش میں گذشتہ برس غزہ میں اکیاون روز تک جاری رہنے والی صیہونی جارحیت اور اس کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں کی بھی عکاسی کی گئی تھی۔

اس موقع پر شرکائے تصویری نمائش سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر کربلائی نے کہا کہ فلسطین امت اسلامی کا قلب ہے اور القدس امت اسلامی کا مرکز و محور ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں آج پیدا ہونے والے مسائل اور فسادات کا مقصد صرف اور صرف مسئلہ فلسطین کو پس پشت ڈالنا اور دیگر جزوی مسائل کو زیادہ اہمیت دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین دنیائے اسلام کا بنیادی ترین اور اولین مسئلہ ہے اور اس سے بڑھ کر دنیا کے لئے اہم مسئلہ کوئی اور ہو ہی نہیں سکتا۔ انہوں نے تصویری نمائش اور القدس شو میں بڑی تعداد میں عوام کی شرکت پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام با شعور ہیں اور بیدار ہیں اور قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی اور اسرائیل کی نابودی تک فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بائیس رمضان المبارک کو دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی یوم القدس ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا، تاہم عوام پاکستان بھرپور تعداد میں شرکت کریں اور عالمی استعمار امریکہ اور اس کے حواریوں کے خلاف ہم زبان ہو کر القدس کی بازیابی کے لئے عملی جد وجہد میں شریک ہوں۔ واضح رہے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام گرمی کی شدت کے حوالے سے شہریوں کے لئے ٹھنڈے پانی اور شربت کی سبیل کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 470387
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش