QR CodeQR Code

افغانستان سے امریکی افواج کا مکمل انخلا سنگین غلطی ہو گی، امریکی سینیٹر جان مکین

5 Jul 2015 13:32

اسلام ٹائمز: کابل میں نیٹو ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جان مکین نے خبردار کیا کہ اگر طے شدہ منصوبے کے تحت اگلے سال کے آخر تک افغانستان سے امریکی فوج کو نکال لیا گیا تو نہ صرف امریکا اب تک افغان جنگ میں ہونے والی کامیابی سے ہاتھ دھو بیٹھے گا بلکہ اس سے ناقابل قبول خطرات بھی پیدا ہوں گے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکہ میں سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے سربراہ اور بااثر سینیٹر جان مکین نے کہا ہے کہ رواں سال طالبان سے لڑائی میں افغان فوجیوں کی اموات میں اضافہ ہوا اور کئی افغان شہروں کے طالبان کے قبضے میں جانے کا خطرہ ہے۔ انھوں نے صدر اوباما سے مطالبہ کیا کہ وہ 2016 کے اختتام تک افغانستان سے امریکی افواج کے مکمل انخلاکے فیصلے پر نظرثانی کریں، کیونکہ یہ سنگین غلطی ہو گی۔ اپنے دورہ افغانستان کے دوران کابل میں نیٹو ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جان مکین نے خبردار کیا کہ اگر طے شدہ منصوبے کے تحت اگلے سال کے آخرتک افغانستان سے امریکی فوج کو نکال لیا گیا تو نہ صرف امریکا اب تک افغان جنگ میں ہونے والی کامیابی سے ہاتھ دھو بیٹھے گا بلکہ اس سے ناقابل قبول خطرات بھی پیدا ہوں گے۔

افغانستان سے امریکی انخلاایک سانحہ ہوگا اور اس سے طالبان کوکامیابی کیلیے نئی شروعات مل جائے گی۔ جان مکین نے کہاکہ صدر اوباما کی جانب سے صرف ایک ہزار فوجیوں کو کابل میں امریکی سفارت خانے میں چھوڑنا ایک ایسا منصوبہ ہے جو موجودہ زمینی حقائق سے غافل رہتے ہوئے بنایا گیا۔ افغانستان میں دولت اسلامیہ کی موجودگی اور موسم گرمامیں لڑائی کے مخصوص سیزن کے تناظرمیں خطے میں خطرات کا ماحول مستقل طور پر موجود ہے، ضروری ہے کہ امریکی انتظامیہ ایسا منصوبہ بنائے جو زمینی حقائق سے مطابقت رکھتا ہو۔ ان کا کہنا تھاکہ دولت اسلامیہ نے نوجوانوں کو اپنی جانب متوجہ کیا ہے اور افغانستان میں دولت اسلامیہ سے متاثر ہونے والے غیر ملکی جنگجوؤں کی آمد کا سلسلہ بھی دوبارہ شروع ہو سکتا ہے، دولت اسلامیہ اور طالبان کی لڑائی فوری طورپر تو ہمارے لیے فائدہ مند ہے لیکن طویل المدتی نظریے سے ان دونوں کی موجودگی افغانستان کے لیے مفید نہیں۔

امریکی سینیٹر نے افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات کی اور انھیں یقین دلایا کہ امریکا افغانستان کی مدد جاری رکھے گا اور اسے دوبارہ عالمی دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ نہیں بننے دے گا۔ افغان صدراشرف غنی نے بھرپور حمایت پر امریکی سینیٹرکا شکریہ ادا کیا۔ جان مکین نے افغانستان میں تعینات امریکی فوجیوں سے ملاقات کی اور 2001 سے اب تک یہاں مارے جانیوالے 2,200 امریکی فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔


خبر کا کوڈ: 471604

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/471604/افغانستان-سے-امریکی-افواج-کا-مکمل-انخلا-سنگین-غلطی-ہو-گی-سینیٹر-جان-مکین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org