QR CodeQR Code

اسرائیل کا دفاع کرنے کے لئے نام نہاد اسلامی گروہ کھڑے ہو چکے ہیں، پی ایل ایف ملتان

6 Jul 2015 18:53

اسلام ٹائمز: ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین فائونڈیشن کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ آج عراق جل رہا، شام میں لاشوں کے انبار ہیں، لبنان دہشتگردوں کے نشانے پر ہے اور یمن میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطین فائونڈیشن پاکستان ملتان کے رہنمائوں جماعت اسلامی ملتان کے امیر میاں آصف محمود اخوانی، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر اورنگزیب شہزاد، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما محمد ایوب مغل، مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدارحسین نقوی، بین المذاہب امن کمیٹی پنجاب کے رہنما علامہ غلام مصطفی انصاری، پاکستان عوامی تحریک کے صدر یاسر ارشاد، تحریک منہاج القرآن جنوبی پنجاب کے رہنما رائو عارف رضوی اور سماجی رہنما سید محمد علی رضوی نے کہا ہے کہ اس وقت صرف فلسطین ہی نہیں بلکہ پورا اعالم اسلام لہو لہو ہے۔ اور یہ سب کچھ گریٹر اسرائیل کی صہیونی سازش کے تحت امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کی سرپرستی میں کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پی ایل ایف کے رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ نام نہاد عالمی برادری بھی فلسطینیوں کے حق میں کوئی مثبت اور موثر کردار ادا کرنے سے قاصر ہے، آج پوری مسلم دنیا آگ وخون کی لپیٹ میں ہے، ہر جگہ اسرائیل کا دفاع کرنے کے لئے نام نہاد اسلامی گروہ کھڑے ہو چکے ہیں بظاہر انہوں نے اسلام اور اسلامی حکومتوں کے قیام کا نعرہ بلند کیا ہو اہے لیکن حقیقت میں وہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کا دفاع کر رہے ہیں اور گریٹر اسرائیل کے ناپاک منصوبے کو عمل درآمد کرنے کے در پے ہیں، آج انبیاء کی سرزمین فلسطین کی صورتحال ہمارے سامنے ہے، اسرائیل مظالم کا سلسلہ جو سنہ1948ء سے شروع ہوا تھا کسی دور میں نہیں تھم سکا بلکہ ہمیشہ اس میں تیزی آتی رہی ہے، گذشتہ برس اسی ماہ مبارک رمضان میں غزہ کے عوام پر 51 روزہ جنگ مسلط کی گئی اس جنگ کے نتیجے میں ہونے والی بدترین تباہ کاریاں آج ایک سال بیت جانے کے بعد بھی غزہ میں نظر آ رہی ہیں، غرض یہ کہ پورا فلسطین جل رہاہے۔ القدس خطرے میں ہے، آج عراق جل رہا، شام میں لاشوں کے انبار ہیں، لبنان دہشتگردوں کے نشانے پر ہے اور یمن میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے۔

 


خبر کا کوڈ: 471907

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/471907/اسرائیل-کا-دفاع-کرنے-کے-لئے-نام-نہاد-اسلامی-گروہ-کھڑے-ہو-چکے-ہیں-پی-ایل-ایف-ملتان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org