0
Tuesday 7 Jul 2015 17:53

زمینوں پر قبضے کا کالا دھندا، ڈاکٹر عشرت العباد اور ذوالفقار مرزا بھی شامل

زمینوں پر قبضے کا کالا دھندا، ڈاکٹر عشرت العباد اور ذوالفقار مرزا بھی شامل
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں زمینوں پر قبضے کے کالے دھندے میں بڑے بڑوں کے نام سامنے آگئے، سب نے بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے، زیر حراست رہنے والے تین بلڈروں نے سیاسی، سرکاری اور اہم کاروباری شخصیات کے نام اگل دیئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں زمینوں پر قبضے کے کالے دھندے میں کون ہے، جس نے بہتی گنگا میں ہاتھ نہیں دھوئے، اپریل کے مہینے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بابر مرزا چغتائی، مجیب اللہ صدیقی، اور فیصل مسرور صدیقی کو حراست میں لیا۔ بڑے مگرمچھ جب قانون کی گرفت میں آئے، تو بڑے نام بھی سامنے آئے۔ میڈیا کو موصول دستاویزات اور تحقیقاتی ادارے کی رپورٹ میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، ایم کیو ایم کے رہنماؤں بابر غوری، محمد انور، عادل صدیقی، محمد احسن عرف چنوں ماموں کے نام ظاہر کر دیئے گئے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر بلدیات سندھ اویس مظفر ٹپی، سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، سندھی قوم پرست رہنما قادر مگسی، نورالدین، محسن شیخانی نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے۔ سرکاری شخصیات میں منظور قادر، محمد حسین سید، ڈی ایس پی جاوید عباس، ایس پی عرفان بہادر، ہاشم رضا زیدی، نجم الزماں اور سیف عباس کے نام بھی شامل ہیں۔ منظور قادر اور محسن شیخانی نے لاکھوں روپے لے کر نقشے منظور کرائے، جبکہ سابق صوبائی وزیر بلدیات اویس مظفر پر الزام ہے کہ وہ رشوت لے کر زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کراتے رہے۔ ذوالفقار مرزا سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا کہ انھوں نے سرکاری زمین کا بڑا حصہ غیر قانونی طور پر بلاول بھٹو گوٹھ اسکیم میں تبدیل کرایا۔ اطلاعات کے مطابق انٹلیجنس ادارے کی رپورٹ کی روشنی میں چند دنوں میں مزید گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔
خبر کا کوڈ : 472134
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش