0
Wednesday 8 Jul 2015 13:12
عالمی ادارے پاکستان میں مہاجروں، سندھیوں، بلوچوں اور پختونوں پر مظالم کیخلاف آواز بلند کریں

الطاف حسین کا سندھ رینجرز کیخلاف کراچی میں وزیراعلیٰ ہاؤس پر دھرنے کا اعلان

آج نواز شریف ایف آئی اے کو جو اختیارات دے رہے ہیں، اسکا استعمال کل ان کیخلاف ہی ہوگا
الطاف حسین کا سندھ رینجرز کیخلاف کراچی میں وزیراعلیٰ ہاؤس پر دھرنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اگر صوبے کو اپنی دھرتی سمجھتے ہیں، تو اسمبلی سے بل پاس کریں کہ اب ہمیں صوبے کی دھرتی پر مظلوموں پر ظلم کرنے والی رینجرز نہیں چاہئے، جبکہ ایم کیو ایم کارکنان کی گرفتاریوں اور تشدد پر رینجرز کے خلاف وزیراعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دے گی۔ کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر تنظیمی شعبہ جات کے ارکان سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ رینجرز نے اپنی پریس ریلیز میں اس بات کا اعلان کیا کہ ایم کیو ایم کے سیکٹر اور یونٹ انچارجز کو گرفتار کریں گے، کیونکہ ایم کیو ایم کی تنظیمی کمیٹی انہیں عسکری تربیت دیتی ہے، جبکہ ایم کیو ایم میں کافی عرصہ سے تنظیمی کمیٹی کا کوئی وجود نہیں، اور رینجرز کے اس اعلان پر وزیراعلیٰ سندھ سمیت عدلیہ نے بھی کوئی نوٹس نہیں لیا۔ الطاف حسین نے کہا کہ عدالتیں آزاد ہوتیں، تو ججز رینجرز کے اس اعلان پر نہ صرف ایکشن لیتے، بلکہ انہیں غیر قانونی گرفتاریاں کرنے پر کارروائی کا بھی عندیہ دیتے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کی جانب سے ریاستی مظالم، گرفتاریوں، تشدد اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے پُرامن احتجاجی دھرنا دیں گے، جس کا اعلان رابطہ کمیٹی جلد کرے گی، اور اگر رینجرز نے اس دھرنے کے شرکاء پر گولی چلائی، تو پھر تمام تر نتائج کی ذمہ داری رینجرز اور اس کے کپتان پر عائد ہوگی۔ قائد ایم کیو ایم نے ایف آئی اے کو پولیس کے اختیارات دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے ماضی میں بھی خصوصی عدالتیں قائم کی تھیں، جن کی ہم نے مخالفت کی، اور نواز شریف کو یہ سمجھایا تھا کہ یہ عدالتیں مستقبل میں ان ہی کے خلاف استعمال ہوں گی، آج بھی نواز شریف ایف آئی اے کو جو اختیارات دے رہے ہیں، اس کا استعمال کل نواز شریف کے خلاف ہی ہوگا۔ الطاف حسین نے کہا ہمیں افسوس ہے کہ سندھ خصوصاً کراچی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، مگر انسانی حقوق کی ملکی و غیر ملکی تنظیمیں اور انسانی حقوق کی باتیں کرنے والے ممالک بھی ان مظالم پر خاموش ہیں، جبکہ عالمی اداروں کو پاکستان میں مہاجروں، سندھیوں، بلوچوں اور پختونوں پر مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا چاہیے۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ بلوچوں کو انڈیا کا ایجنٹ کہہ کر وہاں کئی بار فوج کشی کی گئی، سندھ اور کراچی میں بھی فوج کشی کی گئی، خیبرپختونخوا میں مظالم کئے گئے، اور ہزاروں معصوموں کو قتل کیا گیا، لیکن پنجاب میں کبھی ایسا نہیں کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 472292
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش