QR CodeQR Code

لاہور، یوم علیؑ کا مرکزی جلوس اپنی منزل کی جانب رواں دواں

9 Jul 2015 18:27

اسلام ٹائمز:جلوس کے شرکا نے چوک نواب صاحب میں زنجیر زنی کی اور لال کھوہ، محلہ شیعاں، رنگ محل سے ہوتا ہوا اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔ جلوس کے شرکا نے رنگ محل چوک میں علامہ سید حیدر علی الموسوی کی اقتداء میں نماز ظہرین ادا کی۔ جلوس کے روٹ پر 4 درجاتی سکیورٹی حصار بنایا گیا ہے اور جلوس کے شرکا کو جامہ تلاشی کے بعد جلوس میں شریک ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور میں یوم علیؑ کا مرکزی جلوس مبارک حویلی سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا جب کہ جلوس کی سیکیورٹی پر 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔ جلوس کے شرکا نے چوک نواب صاحب میں زنجیر زنی کی اور لال کھوہ، محلہ شیعاں، رنگ محل سے ہوتا ہوا اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔ جلوس کے شرکا نے رنگ محل چوک میں علامہ سید حیدر علی الموسوی کی اقتداء میں نماز ظہرین ادا کی۔ جلوس کے روٹ پر 4 درجاتی سکیورٹی حصار بنایا گیا ہے اور جلوس کے شرکا کو جامہ تلاشی کے بعد جلوس میں شریک ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے جبکہ روٹ سے ملحقہ تمام راستوں کو کنٹینرز، بیریئر اور خاردار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ جلوس کے روٹ پر چھتوں پر سنائپر بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ ایس ایس پی سکیورٹی بھی جلوس کے ہمراہ ہیں جبکہ سی سی پی او امین وینس نے بھی جلوس کے روٹ کا دورہ کیا اور سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ سی سی پی او نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلوس کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کئے ہیں اور پولیس فورس مکمل طور چوکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کے شرکا بھی پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں اور رضا کار بھی اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حساس مقامات پر موبائل فون سروس معطل کی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 472677

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/472677/لاہور-یوم-علی-کا-مرکزی-جلوس-اپنی-منزل-کی-جانب-رواں-دواں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org