0
Thursday 9 Jul 2015 23:02

سینیٹ میں وفاقی دارالحکومت مقامی بل 2015ء منظور

سینیٹ میں وفاقی دارالحکومت مقامی بل 2015ء منظور
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سینیٹ رضار بانی کی سربراہی میں ہونیوالے سینیٹ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت مقامی بل دوہزار پندرہ منظور کر لیا گیا، بل وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے پیش کیا تو قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے نکتہ اٹھایا کہ الیکشن کمیشن نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے انتخابی شیڈول جاری کیا، سینیٹ کے ہر ممبر کو ایوان کے تقدس کے لیے کھڑا ہونا چاہیے، معاملہ استحقاق کمیٹی کے پاس ہے پہلے اس کا فیصلہ آنے دیا جائے، بعد ازاں اپوزیشن علامتی واک آوٹ کرگئی، بل پیش کرنے کےلئے ایوان میں چیئرمین سینیٹ نے ووٹنگ کرائی تو حکومتی ارکان کی تعداد زیادہ ہونے پر بل پیش کرنے کی منظوری دیدی گئی جس کے بعد شق وار بل منظور کر لیا گیا۔ حافظ حمد ا للہ کے توجہ دلاو نوٹس پر وفاقی وزیر داخلہ نے ایوان کو بتایا کہ بین الاقوامی این جی اوز کی سرگرمیوں کو باضابطہ بنانے کیلئے ایک جامع اور شفاف نظام وضع کیا جا رہا ہے، تین ماہ میں آن لائن نظام مرتب کرکے تمام این جی اوز کی سرگرمیوں، فنڈز اور اخراجات کا تعین کیا جا رہا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ سیودی چلڈرن کا اسلام آباد میں واقع دفتر متعلقہ معاملات طے ہو جانے پر تین ہفتے تک سربمر رہنے کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ چوہدری نثار علی خان نے ایوان کو بتایا کہ افریقہ میں قائم دو بین الاقوامی این جی اوز بلوچستان اور گلگت بلتستان میں غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث تھیں ان کو امریکہ، یورپی یونین، بھارت اور اسرائیل کی سرپرستی حاصل تھی۔ اس معاملے کو اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل کے سامنے اٹھایا ہے، وقفہ سوالات کے دوران حکومت نے گزشتہ دوسالوں کے دوران مختلف محکموں، وزارتوں کو دیئے جانیوالے قرضہ جات کی تفصیلات بھی پیش کر دیں، بعد ازاں اجلاس جمعہ کی صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 472741
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش