0
Friday 10 Jul 2015 19:25

قبلہ اول کی آزادی تک مسلمان چین سے نہیں بیٹھ سکتے، علامہ عابد شاکری

قبلہ اول کی آزادی تک مسلمان چین سے نہیں بیٹھ سکتے، علامہ عابد شاکری
اسلام ٹائمز۔ جامعہ شہید عارف الحسینی پشاور کے خطیب علامہ عابد حسین شکری نے کہا ہے کہ امت مسلمہ پاکستان سمیت عالمی سطح پر مختلف مسائل کا شکار ہے، کہیں فلسطین میں صہیونی حکومت بے گناہ مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہی ہے تو کہیں یمن میں معصوم خواتین اور بچوں پر بم برسائے جارہے ہیں، برما میں نہتے اور مظلوم روہنگیا مسلمانوں کو انتہائی بیدردی سے قتل کیا جارہا ہے، جس پر امت مسلمہ کے حکمرانوں اور بلخصوص او آئی سی کا کردار انتہائی شرمناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک آزادی قدس کے پلیٹ فارم سے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امامیہ جرگہ کے رہنماء اخونزاد مظفر علی اور علامہ ارشاد حسین خلیلی بھی موجود تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ مسلمانوں پر ہونے والے مظالم میں کئی عرب ممالک ملوث ہیں، جو محض اپنی بادشاہتیں بچانے کیلئے استعماری طاقتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یمن پر جنگ بندی کی یقین دہانی کے باوجود آل سعود فوج کے فضائی حملے مسلم امہ اور اقوام متحدہ کے منہ پر طمانچہ ہیں، رمضان المبارک جیسے مقدس مہینہ میں معصوم بچوں اور خواتین کر شہید کیا جارہا ہے، اس سے زیادہ افسوس کا کیا مقام ہوگا کہ یہ سب کچھ اسلام کے عالمی سطح پر ٹھیکہ دار آل سعود کی جانب سے کیا جارہا ہے، یہ وہ مقدس مہینہ ہے کہ جس میں ایک مکھی کو بھی مارنا جائز نہیں، تاہم یمن میں نام نہاد مسلمانوں کے حکم پر اب تک ہزاروں بچوں، خواتین اور بوڑھوں کو شہید کیا جاچکا ہے۔ اسی قسم کی صورتحال برما میں ہے، جہاں بے گناہ روہنگیا مسلمانوں پر ریاستی دہشتگردی کے تحت زمین تنگ کردی گئی ہے، برما کے مسلمانوں کے حق میں کوئی آواز بلند کرنے والا کوئی نہیں، اس حوالے سے حکومت پاکستان کا رویہ اور درعمل میں افسوسناک رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ برمی مسلمانوں کو اس بے دردی سے قتل کیا جارہا ہے، جیسے پاکستان میں ظالم طالبان عوام کو اپنی بربریت کا نشانہ بناتے رہے ہیں، فلسطین میں بھی صہیونی حکومت نے فلسطینیوں پر مظالم ڈھانے کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، ہمارا قبلہ اول آج بھی منحسوس صہیونی پنجوں میں ہے، اور جب تک ہماری یہ مقدس جگہ اسرائیل کے شکنجے میں ہے، تمام دنیا کے مسلمان چین سے نہیں بیٹھ سکتے، رہبر کبیر انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رہ) کے فرمان کے مطابق ہر سال ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعہ کو قبلہ اول کی صہیونی تسلط سے آزادی اور مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنے کیلئے عالمی سطح پر ''یوم القدس'' منایا جاتا ہے، اور مسلمان اپنے قبلہ اول کی آزادی کیلئے آواز بلند کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 472910
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش