0
Friday 10 Jul 2015 22:36

امریکہ و اسرائیل کے احکامات پر کام کرنیوالے مسلم حکمران قبلہ اول کیلئے کچھ نہیں کر رہے، علامہ ناصر عباس جعفری

امریکہ و اسرائیل کے احکامات پر کام کرنیوالے مسلم حکمران قبلہ اول کیلئے کچھ نہیں کر رہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیراہتمام مرکزی آزادی القدس ریلی نمائش چورنگی تا تبت کراچی نکالی گئی، جس میں ہزاروں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ ریلی میں مختلف علماء کرام نے خطاب کیا جبکہ ریلی سے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ دنیا میں عالمی استکباری قوتوں امریکہ، فرانس، روس، برطانیہ نے مسلمانوں اور اسلام کے خلاف سازشیں کی۔ 56 ممالک مل کر بھی قبلہ اول کی آزادی کیلئے کچھ نہیں کرسکے۔ 1948ء میں غاصب اسرائیلی ریاست کا قیام عمل میں آیا۔ 1967ء میں قبلہ اول پر قبضہ کر لیا گیا، مسلمانوں کو تقسیم کرنے کی بھرپور سازش کی گئی۔ 1979ء میں اسلامی انقلاب برپا ہوا اور امام خمینی نے ان استکباری قوتوں کے خوابوں کو چکنا چور کر دیا اور انقلاب کے بعد سب سے پہلے ایران میں موجود اسرائیلی سفارتخانہ کو ختم کرکے فلسطینی عوام کو واپس کر دیا۔ انقلاب اسلامی ایران نے امت مسلمہ کو بیدار کیا اور انہیں اپنے اصل دشمن کی پہچان کروائی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امام خمینی واحد وہ شخصیت تھی جس نے اس دور میں سب سے پہلے عالمی سامراجی قوتوں کو للکارا اور امت مسلمہ کو امت واحدہ بنانے کی کوششں شروع کی۔ مسلمانوں کی کھوئی ہوئی حمیت کو واپس امام خمینی ہی لائے۔ امام خمینی نے امت مسلمہ کو یہ شعور دیا کے استعماری طاقتوں پر کبھی اعتبار نہ کیا جائے۔ امریکہ اسرائیل سمیت استعماری طاقتوں نے امت مسلمہ کو تقسیم کیا۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ امام خمینی نے مسلمانوں میں تفریق کے خاتمہ کی بات کی اور یہی وجہ ہے جس کے سبب پوری دنیا میں ملت جعفریہ کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ یمن، بحرین، عراق، مصر، ترکی سمیت مشرق وسطٰی کے خرابی حالات کے براہ راست ذمہ داری امریکہ و اسرائیل پر عائد ہوتی ہے۔ یمن میں عرب ممالک کی جانب سے حملے کرنے والوں نے آج تک اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنا کردار ادا نہیں کیا۔ مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف ایک دفعہ بھی کوئی حملہ نہیں کیا۔ امریکہ پاکستان، عراق، شام میں دہشتگردی پھیلانے والے تکفیری دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ پاکستان کے حکمران آل سعود کے پے رول پر کام کر رہے ہیں، اس ملک میں بسنے والے عوام کے دل اپنے فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ دفاع فلسطین دفاع اسلام و دفاع انسانیت ہے۔ انشاءاللہ پاکستانی عوام اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ آزادی فلسطین امت مسلمہ کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہے۔ امریکہ و اسرائیل کے احکامات پر کام کرنے والے مسلم حکمران قبلہ اول کیلئے کچھ نہیں کر رہے۔
خبر کا کوڈ : 472956
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش