0
Sunday 12 Jul 2015 14:45
قدس شریف کی آزادی کا راستہ قلمون، زبدانی اور حسکہ سے گزرتا ہے

ایران قدس شریف کی آزادی کی واحد امید ہے، اسرائیل کی ماہیت دہشتگردانہ ہے، سید حسن نصراللہ

اسرائیل اسلامی جمہوریہ ایران کو اپنے وجود کیلئے سب سے بڑا خطرہ تصور کرتا ہے
ایران قدس شریف کی آزادی کی واحد امید ہے، اسرائیل کی ماہیت دہشتگردانہ ہے، سید حسن نصراللہ
اسلام ٹائمز۔ العالم نیوز ایجنسی کے مطابق حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے لبنان میں منعقد ہونے والی عظیم الشان قدس ریلی سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی رحمہ اللہ علیہ کی جانب سے عالمی یوم قدس کے اعلان کا مقصد امت مسلمہ میں قدس شریف کی یاد کو باقی رکھنا تھا اور جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے، امام خمینی رحمہ اللہ علیہ کے اس بابصیرت فیصلے کی حکمت زیادہ سے زیادہ واضح ہوتی چلی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ شدید مسائل اور بحرانوں سے روبرو ہونے کے باوجود قدس شریف کی آزادی کیلئے عالمی یوم قدس پر سڑکوں پر آچکی ہے اور اس اہم اسلامی ایشو پر متحد نظر آتی ہے۔ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ یمن کے عوام ظالمانہ سعودی جارحیت کا شکار ہونے کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں روز قدس منانے سڑکوں پر نکل آئے ہیں، جس سے ان کے دل میں قدس شریف اور مقبوضہ فلسطین کی آزادی کی خواہش کا اظہار ہوتا ہے۔ حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے بحرین کے انقلابی عوام کی بھی قدردانی کی اور کہا کہ بحرینی عوام تمام تر حکومتی مظالم اور دباو کے باوجود آج یوم قدس کے دن قبلہ اول مسلمین سے اظہار ہمدردی اور حمایت کیلئے سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ انہوں نے کہا یہ حقائق ظاہر کرتے ہیں کہ مسلمانان عالم جتنے شدید مسائل کا شکار ہی کیوں نہ ہوں، اپنے حقیقی ایشو یعنی مسئلہ فلسطین سے ہرگز غافل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے خطے میں موجود شدید بدامنی اور مشکل سیاسی حالات کے باوجود عالمی یوم قدس پر کروڑوں افراد کے سڑکوں پر نکل آنے کو انتہائی امید بخش قرار دیا اور کہا کہ یہ امر بہت جلد قدس شریف کی آزادی کا سبب بنے گا۔

اسرائیل شام کی موجودہ صورتحال سے بہت خوش ہے:
سیکرٹری جنرل حزب اللہ لبنان سید حسن نصراللہ نے کہا کہ گذشتہ ماہ اسرائیل نے ہرزلیا میں اپنے فوجی اور سکیورٹی کمانڈرز اور دنیا کے دوسرے نکات سے آئے مہمانوں پر مشتمل ایک کانفرنس کا انعقاد کیا، جس میں پیش کئے گئے مطالب کا نچوڑ یہ تھا کہ اسرائیل کے گرد و نواح میں موجود اسٹریٹجک صورتحال گذشتہ سے بہتر ہوگئی ہے اور عرب اسپرنگ کے چار سال بعد اسرائیل کو تھوڑا سکون کا سانس میسر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ اسرائیلی حکام دنیا میں بسنے والے ڈیڑھ ارب مسلمانوں سے کسی قسم کا کوئی خطرہ محسوس نہیں کرتے اور مسلمان حکومتوں کے پاس موجود جنگی ساز و سامان اور طاقتور فوجوں کو بھی اپنے لئے خطرہ نہیں سمجھتے۔ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ اسرائیلی حکام شام میں موجود بدامنی اور دہشت گردی سے بہت خوش ہیں اور اس ملک میں بحران کی موجودگی کو اپنے لئے فائدہ مند قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شام میں بدامنی باقی رہنے کی صورت میں اسرائیل کی غاصب صہیونی رژیم شام کے علاقے گولان ہائٹس پر بھی ناجائز قبضے کی کوشش کرے گی اور مقبوضہ فلسطین میں جاری یہودی بستیوں کی تعمیر میں بھی خاطرخواہ اضافہ کر دے گی۔ حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ تمام شامی عوام ملک کی بحرانی صورتحال کا خاتمہ چاہتے ہیں اور انہیں اچھی طرح معلوم ہے کہ یہ بحران فوجی طریقہ کار سے حل نہیں ہوسکتا بلکہ صرف اور صرف سیاسی طریقے سے ہی حل ہوسکتا ہے، لیکن بعض ملک دشمن عناصر سیاسی عمل کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شام کا بحران بہت جلد حل ہونے والا ہے اور سب اچھی طرح جان لیں کہ شام ہرگز تقسیم نہیں ہوگا اور ٹوٹے گا نہیں۔

یمن کیخلاف جارحیت میں اسرائیل سعودی عرب کا حامی ہے:
حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے کہا کہ اسرائیل یمن کے خلاف سعودی جارحیت پر بھی بہت خوش نظر آتا ہے اور یمن کے انقلابی عوام سے خطرے کا احساس کرتے ہوئے ان پر سعودی جارحیت کی حمایت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل یمن کی آزادی اور خود مختاری کو اپنے مفادات کے حق میں نہیں سمجھتا کیونکہ یہ ملک اسلامی مزاحمتی بلاک کا حصہ ہے اور اسرائیل کیلئے ایک اسٹریٹجک خطرہ تصور کیا جاتا ہے۔ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ سعودی عرب نے یمن کے خلاف فوجی جارحیت انجام دے کر اسرائیل کی بہت بڑی خدمت کی ہے۔ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ ہم اعلانیہ طور پر یمن کے خلاف سعودی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں اور سعودی حکام کو نصیحت کرتے ہیں کہ وہ "فیصلہ کن طوفان" اور "امید کی واپسی" جیسے احمقانہ آپریشنز کو ترک کر دیں۔ سب اچھی طرح جاتے ہیں کہ یہ دو آپریشن بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ کیا سعودی حکام اس حقیقت کو درک نہیں کر رہے کہ اب ان کے سامنے اور کوئی راستہ نہیں بچا اور اب وہ یمن میں مزید تکفیری عناصر پر تکیہ نہیں کرسکتے؟ انہوں نے کہا کہ یمن کے خلاف شروع ہونے والی سعودی جارحیت اب ایک بے مقصد جنگ اور محض انتقامی کارروائی میں تبدیل ہوچکی ہے۔ سید حسن نصراللہ نے دنیا کے ممالک کو مخاطب قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ یمن کی دلدل سے باہر نکلنے میں سعودی حکام کی مدد کریں۔

اسرائیل کی ماہیت دہشتگردانہ ہے:
حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے قدس ریلی کی مناسبت سے اپنی تقریر میں کہا کہ اسرائیل انتہائی منافقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مصر میں ہونے والے دہشت گردانہ اقدامات کی مذمت کر رہا ہے اور اس طرح مصر، غزہ اور حماس میں تفرقہ کی آگ کو ہوا دے رہا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ خود اسرائیل کی اصلیت اور ماہیت دہشت گردانہ ہے اور وہ دنیا میں انجام پانے والی ہر دہشت گردی کی ماں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اب تک غزہ سمیت دنیا کے کئی حصوں میں بدترین جنگی جرائم اور غیر انسانی اقدامات کا مرتکب ہوچکا ہے اور نوبت یہاں تک پہنچی کہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں اسرائیل سے تمام تر ہمدردی کے باوجود اس کے جرائم پر خاموش نہ رہ سکیں اور اس کی مذمت کرنے پر مجبور ہوگئیں۔ ایسے میں اسرائیل آج مصر میں امن و امان کا حامی بن کر ظاہر ہو رہا ہے اور صحرای سینا میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کر رہا ہے۔ یہ انتہائی درجہ کی منافقت ہے۔

ایران خطے میں اسرائیل کیلئے واحد خطرہ ہے:
سیکرٹری جنرل حزب اللہ لبنان سید حسن نصراللہ نے کہا کہ ہرزلیا کانفرنس کی رو سے خطے میں صرف ایک ملک ایسا ہے جو اسرائیل کیلئے خطرہ تصور کیا جاتا ہے اور وہ ملک ایران ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنے خلاف سرگرم جہادی تنظیموں کو اپنے وجود کیلئے خطرہ تصور نہیں کرتا بلکہ انہیں صرف اپنے لئے اسٹریٹجک خطرہ سمجھتا ہے جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران کو اپنے وجود کیلئے بڑا خطرہ تصور کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسرائیل کی غاصب صہیونی رژیم پوری دنیا میں ایران کے خلاف سرگرم ہے اور اسے نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتی۔ سید حسن نصراللہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کو قدس شریف کی آزادی کی واحد امید قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں صرف ایران ہی ایسا ملک ہے جس نے غاصب صہیونی رژیم کے خلاف جہاد کا پرچم بلند کر رکھا ہے اور یہ اعلان کر رکھا ہے کہ وہ کسی صورت مسئلہ فلسطین پر اپنے موقف میں ایک انچ تبدیلی یا عقب نشینی نہیں کرے گا۔ ایران ایسا ملک ہے جس نے ہمیشہ سے اسلامی مزاحمتی بلاک اور فلسطین کی جہادی تنظیموں کی حمایت کی ہے اور یہ وہ کام ہے جس کو انجام دینے کی جرات ہر کسی میں نہیں۔ سیکرٹری جنرل حزب اللہ لبنان نے کہا کہ ایران کا حامی ہوئے بغیر کوئی بھی ملک یا گروہ فلسطین کا حامی نہیں ہوسکتا۔ اسی طرح ایران سے دشمنی رکھتے ہوئے فلسطین کا حامی ہونا بھی ممکن نہیں کیونکہ ایران سرزمین فلسطین اور قدس شریف کی آزادی کی واحد امید ہے۔

قدس شریف کی آزادی کا راستہ قلمون، زبدانی اور حسکہ سے گزرتا ہے:
سیکرٹری جنرل حزب اللہ لبنان سید حسن نصراللہ نے کہا کہ قدس شریف کی آزادی کا راستہ جونیہ سے نہیں گزرتا کیونکہ ہم حکومت یا تسلط پسندی کے درپے نہیں، بلکہ قدس شریف کی آزادی کا راستہ قلمون، زبدانی اور حسکہ سے گزرتا ہے کیونکہ اگر شام ہمارے ہاتھ سے چلا گیا تو قدس شریف اور فلسطین بھی ہمارے ہاتھ سے چلا جائے گا۔ 
خبر کا کوڈ : 473272
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش