QR CodeQR Code

شاہراہ قراقرم اور گلگت میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنانا احسن اقدام ہے، شیخ زاہدی

13 Jul 2015 23:12

اسلام ٹائمز: ایم ڈبلیو ایم بلتستان کے رہنماء نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جب سے اکنامک کوریڈور کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ ہوا ہے منفی طاقتوں اور پاکستان دشمن طاقتوں کے لیے پریشانی شروع ہو گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شیخ زاہد حسین زاہدی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ رات گلگت میں اور شاہراہ قراقرم پر پیش آنے والا گلگت بلتستان کے لیے خطرہ کی گھنٹی ہے، گلگت بلتستان انتظامیہ کو مزید ہشیاری دکھانے اور سکیورٹی انتظامات میں مزید سختی کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات میں انتظامیہ کی بروقت کاروائی سے دہشتگردی کا جو منصوبہ تھا اس کا ناکام ہونا سکیورٹی اداروں کا احسن اقدام ہے انہیں اس معاملے میں زیادہ ہشیاری دکھانے کی ضرورت ہے۔ علامہ شیخ زاہد حسین زاہدی نے کہا کہ جب سے اکنامک کوریڈور کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ ہوا ہے منفی طاقتوں اور پاکستان دشمن طاقتوں کے لیے پریشانی شروع ہو گئی ہے۔ پاکستان دشمن طاقتوں کے لیے اکنامک کوریڈور کسی صورت قابل قبول نہیں اس لیے انکی طرف سے اس اہم منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے ہر طرح کے حربے ہونگے اس میں ایک دہشتگردانہ حملے اور فرقہ وارانہ فسادات ہیں۔ اس وقت تمام مکاتب فکر کو پاکستان کی فلاح و بہبود اور جس دور سے وطن عزیز گزر رہا ہے اس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ کسی صورت خطے کے دشمنوں کو پنپنے کا موقع نہ ملے۔ انہوں نے کہا کہ اکنامک کوریڈور کا منصوبہ پورے خطے اور سکیورٹی اداروں کے لیے ایک عظیم امتحان ہے اس کے ثمرات ملک کو وسیع پیمانے پر ملیں گے چنانچہ ملکی مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے خطے کے تمام لوگوں کو ہشیار رہنے کی ضرورت ہے۔


خبر کا کوڈ: 473588

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/473588/شاہراہ-قراقرم-اور-گلگت-میں-دہشتگردی-کا-منصوبہ-ناکام-بنانا-احسن-اقدام-ہے-شیخ-زاہدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org