QR CodeQR Code

عیدالفطر کے موقع پر شہر کے تمام علاقوں میں بہتر منصوبہ بندی کے تحت پانی کی تقسیم کی یقینی بنائی جائے، ایم ڈی واٹر بورڈ

15 Jul 2015 14:13

اسلام ٹائمز: ایک بیان میں ہاشم رضا زیدی نے کہا کہ نماز کے مقامات پر جانے والے تمام راستوں، سڑکوں کو پانی کی لائنوں کے رساؤ اور سیوریج اوور فلو سے صاف رکھا جائے اور اس کی سختی سے مانیٹرنگ کی جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی شکایات نہ ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سید ہاشم رضا زیدی نے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز، تمام چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایگزیکٹو انجینئرز اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر شہر کے تمام علاقوں میں بہتر منصوبہ بندی، قابل عمل حکمت عملی کے تحت پانی کی مساویانہ و منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لئے تمام انتظامات قبل از وقت مکمل کر لئے جائیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ عید الفطر کے حوالے سے فراہمی و نکاسی آب کے خصوصی انتظامات کئے جائیں، جمعتہ الوداع اور نماز عید الفطر کے موقع پر مساجد امام بارگاہوں، دینی مدارس اور عید گاہوں کی جگہوں پر پانی کی تقسیم و فراہمی کے لئے ایسی مناسب حکمت عملی وضع کی جائے کہ عید الفطر کے مو قع پر شہر کے ایسے تمام علاقوں میں پانی میسر آسکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ عید گاہوں، دینی مدارس، میدانوں، مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے میدانوں جہاں جہاں جمعتہ الوداع، عید الفطر کی نماز ادا کی جاتی ہے ان جگہوں کو مرکزی مقام "فوکل پوائنٹ" بنا دیا جائے اور اسی مناسبت سے فراہمی و نکاسی آب کے انتظامات کئے جائیں اسی طرح نماز کے مقامات پر جانے والے تمام راستوں، سڑکوں کو پانی کی لائنوں کے رساؤ اور سیوریج اوور فلو سے صاف رکھا جائے اور اس کی سختی سے مانیٹرنگ کی جائے تاکہ شہر یوں کو کسی قسم کی شکایات نہ ہوں، تمام مین ہولز پر لازمی ڈھکن رکھ دیئے جائیں کوئی بھی مین ہول بغیر ڈھکنے کے رہنے نہ پائے اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی بر داشت نہیں کی جائے گی، ان ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور مثبت نتائج کے لئے ہر ضلع میں خصوصی معائنہ ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو ان ہدایات کی روشنی میں واٹر بورڈ کی جانب سے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیں گی اور کسی بھی مسئلہ کے حل کے لئے فوری اقدامات کریں گی۔


خبر کا کوڈ: 473979

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/473979/عیدالفطر-کے-موقع-پر-شہر-تمام-علاقوں-میں-بہتر-منصوبہ-بندی-تحت-پانی-کی-تقسیم-یقینی-بنائی-جائے-ایم-ڈی-واٹر-بورڈ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org