0
Thursday 16 Jul 2015 23:12

ایم کیو ایم اور پی پی پی گٹھ جوڑ نے کے الیکٹرک میں کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے، اسد اللہ بھٹو

ایم کیو ایم اور پی پی پی گٹھ جوڑ نے کے الیکٹرک میں کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے، اسد اللہ بھٹو
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ ایک اسلامی فلاحی ریاست کا قیام بھی سنت رسول ؐ ہے۔ متحدہ اور پی پی پی گٹھ جوڑ سے بھرتی ہونے والوں نے کے الیکٹرک میں کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ روزہ ایمان و احتساب کو جانچنے کا نام ہے، سب کو مل کر اسلامی نظام حکومت کے قیام کے لئے کام کرنا ہوگا، ہم اس ملک میں ایک ایسا نظام لانا چاہتے ہیں جہاں کوئی کسی کو ناحق قتل نہ کرے، جہاں بھتہ خوری اور ڈاکہ زنی نہ ہو، جہاں امن و امان ہو اور ہر ایک کو اس کے حقوق ملیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ ٹاؤن چاندنی چوک پر ملک محمد اسحاق شہید کی یاد میں دی کریسنٹ گروپ آف اسکولز کے تحت منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ اللہ کے رسول ؐ نے پوری زندگی ایک اسلامی فلاحی مملکت کے قیام کے لئے جدوجہد کی اور اسی خاطر ان کے دندان مبارک شہید ہوئے، ایک اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لئے جدجہد کرنا عین اسلامی اور اللہ کے رسول ؐ کی سنت ہے، جب تک ہم نبی کریم ؐ کی سنت پر عمل پیرا نہیں ہوں گے یہ ملک اسلامی فلاحی مملکت نہیں بن سکتی۔

انہوں نے کراچی میں بجلی کے بحران پر کہا کہ کے الیکٹرک ایک کرپٹ ادارہ بن چکا ہے جو عوام کو لوٹ رہا ہے، متحدہ اور پیپلز پارٹی نے مل کر اس میں اپنے افراد بھرتی کرا کے کرپشن کی راہیں کھول لی ہیں، تمام بڑے عہدوں پر ان ہی کے لوگ براجمان ہیں، جب تک ان کا صفایا نہیں ہوتا کے الیکٹرک میں کرپشن کا بازار گرم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کا مہینہ ایمان اور احتساب کے جانچنے کا مہینہ ہے اور ایمان میں اضافہ کرنے کی تربیت کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسی ریاست قائم کرنا چاہتے ہیں جہاں کوئی ٹارگٹ کلنگ کا شکار نہ ہو، جہاں بھتہ خوری نہ ہو، جہاں ڈاکہ رہزنی اور چوری نہ ہو، جہاں امن و امان ہو، جہاں سلامتی ہو، جہاں لوگوں کو ان کے حقوق ان کی دہلیز پر ملیں۔ انہوں نے حاضرین سے کہا کہ سب ملک کر اس ریاست کے قیام کے لئے جدوجہد کریں جب تک ہم مل کر جدوجہد نہیں کریں گے ایسی ریاست کا قیام ایک خواب ہی رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 474316
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش