QR CodeQR Code

بیت المقدس کی آزادی کیلئے مسلمانوں کا متحد اور منظم ہونا ناگزیر ہے، علامہ رمضان توقیر

17 Jul 2015 03:06

اسلام ٹائمز: ڈی آئی خان میں اسلامی تحریک پاکستان کے زیراہتمام ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ اسرائیل، امریکہ اور برطانیہ کا لگایا ہوا ناجائز پودا ہے، جسے معاشی و ایٹمی طاقت بناکر اسلام اور مسلمانوں کیخلاف کھڑا کیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی تحریک پاکستان اور شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا ہے کہ بیت المقدس، قبلہ اول کی آزادی کیلئے مسلمانوں کا متحد اور منظم ہونا ناگزیر ہے، مگر نہایت افسوسناک حقیقت ہے کہ ہم مسالک میں تقسیم اور آپس میں فروعی مسائل پر لڑ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم القدس کے حوالے سے ضلع کونسل ہال، ڈیرہ اسماعیل خان میں اسلامی تحریک پاکستان کے زیر اہتمام آزادی بیت المقدس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں صوبائی وزیر مال علی امین خان گنڈہ پور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ علامہ طاہر حسین نجفی، مولانا حماد اللہ فاروق، زاہد محب اللہ ایڈووکیٹ، قاری محمد یوسف اور ابوالمعظم ترابی نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا ہے کہ اسرائیل امریکہ و برطانیہ کا لگایا ہوا، ناجائز پودا ہے، جسے معاشی و ایٹمی طاقت بناکر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف کھڑا کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان حکمران بیت المقدس کی آزادی اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کا دفاع کریں۔ ہم سب کو فروعی مسائل سے بالاتر ہوکر قبلہ اول، بیت المقدس اور مسجد اقصٰی کا تحفظ کرنا ہوگا۔ سیمینار میں دیگر مقررین نے بھی اپنے خطاب میں اتحاد بین المسلمین، فلسطین کی آزادی، ناجائز ریاست اسرائیل کی نابودی اور بیت المقدس کی آزادی کی اہمیت و حیثیت پر روشنی ڈالی اور مسئلہ فلسطین کو امت مسلمہ کا مسئلہ قرار دیا۔ سیمینار میں تلاوت قرآن کی سعادت علامہ اظہر ندیم عباس نے حاصل کی، جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ظفر درانی نے سرانجام دیئے۔


خبر کا کوڈ: 474347

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/474347/بیت-المقدس-کی-ا-زادی-کیلئے-مسلمانوں-کا-متحد-اور-منظم-ہونا-ناگزیر-ہے-علامہ-رمضان-توقیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org