QR CodeQR Code

نائجیریا، چاند رات اور عید کے دن خودکش حملوں میں 54 افراد جاں بحق، 100 زخمی

17 Jul 2015 19:57

اسلام ٹائمز: چاند رات کو شمالی شہر گومبے کی مارکیٹ میں یکے بعد دیگرے دو خودکش حملے ہوئے، جن میں 49 افراد جاں بحق اور 90 سے زائد زخمی ہوگئے، جنہیں دکانداروں اور گاہکوں نے ہسپتال منتقل کیا، جبکہ عید کے دن گاﺅں دماتورو میں عید نماز سے قبل سکیورٹی اہلکاروں پہ حملے میں پانچ اہلکار جاں بحق ہوگئے۔


اسلام ٹائمز۔ افریقی ملک نائیجریا میں چاند رات اور عید کے دن بھی یکے بعد دیگرے دو خودکش حملوں میں مجموعی طور پر کم از کم 54 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ شمالی نائجیریاکے گاﺅں دماتورو میں جمعہ کو ہونیوالے دو خودکش حملوں میں پانچ افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔ یہ دونوں دھماکے عیدگاہ کے قریب ہوئے۔ ایک سکیورٹی رضاکار نے میڈیا کو بتایا کہ پہلا دھماکہ مقامی وقت کے مطابق سوا سات بجے ہوا، جس میں رضاکاروں کو نشانہ بنایا گیا، جو نمازیوں سے پہلے ہی آگئے تھے، تاکہ عید نماز پڑھنے کیلئے آنیوالوں کو کنٹرول میں رکھ سکیں اور کسی قسم کی گڑبڑ نہ ہو۔ اس میں دو رضا کار جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ جائے وقوعہ پر امدادی سرگرمیاں جاری تھیں کہ اس جگہ سے پانچ سو میٹر دور دوسرا دھماکہ ہوگیا۔ اس سے قبل چاند رات کو شمالی شہر گومبے کی مارکیٹ میں یکے بعد دیگرے دو خودکش حملے ہوئے، جن میں 49 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے، جنہیں دکانداروں اور گاہکوں نے ہسپتال منتقل کیا۔ ریڈکراس کے حکام کے مطابق تیس افراد کی لاشیں انہوں نے خود سنبھالی ہیں اور یقین ہے کہ مزید بھی ہلاکتیں ہوئیں ہیں۔ نیشنل ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی نے بھی دھماکوں کی تصدیق کردی اور کہا کہ کم ازکم دو خودکش حملہ آور ان حملوں میں ملوث ہیں، مارکیٹ میں لوگ عید کی شاپنگ میں مصروف تھے، ہرطرف ناقابل بیان مناظر تھے۔ ایک مقامی تاجر نے میڈیا کو بتایا کہ جب پہلا دھماکہ ہوا، تو وہ ستر میٹر دور تھے۔ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور زخمیوں کی مدد میں مصروف تھے، کہ چینی دکان کے باہر دوسرا دھماکہ ہوگیا، دکانداروں اور خریداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ ابتدائی طور پر کسی گروپ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔


خبر کا کوڈ: 474433

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/474433/نائجیریا-چاند-رات-اور-عید-کے-دن-خودکش-حملوں-میں-54-افراد-جاں-بحق-100-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org