0
Monday 20 Jul 2015 08:30

ایران سے ہونیوالا جوہری معاہدہ فوجی آپشن سے نہیں روکتا، امریکی وزیر دفاع

ایران سے ہونیوالا جوہری معاہدہ فوجی آپشن سے نہیں روکتا، امریکی وزیر دفاع
اسلام ٹائمز۔ امریکہ کے وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے کہا ہے کہ ایران سے جوہری معاہدے کا مطلب یہ نہیں کہ تہران کو اٹیم بم کے حصول سے روکنے کے لئے فوجی کارروائی کا آپشن اب استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ مشرق وسطٰی میں امریکہ کے اتحادیوں میں اس تاریخ ساز معاہدے کے حوالے سے پائے جانے والے تحفظات کو دور کرنے کے لئے پہلے مرحلے میں اسرائیل کے دورے کے آغاز سے قبل طیارے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے امریکی ڈیفنس سیکرٹری نے کہا کہ اس معاہدے کے بہترین ہونے کی وجوہات میں سے ایک یہ ہے کہ یہ فوجی آپشن کو استعمال کرنے سے نہیں روکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک فوجی آپشن ایران کی جانب سے معاہدے کی شرائط میں خلاف ورزی کی شکل میں قابل غور ہوگا۔ امریکی ڈیفنس سیکرٹری اسرائیل کے بعد سعودی عرب اور اردن بھی جائیں گے، تاکہ خطے کے لئے امریکی سکیورٹی عزم کا اعادہ کرسکیں۔

اسرائیل کی جانب سے ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والے معاہدے پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔ پینٹاگون چیف پیر کو اپنے اسرائیلی ہم منصب موشے یالون جبکہ منگل کو وہ وزیراعظم بنجامین نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے، جنھوں نے اس معاہدے کو ایک "تاریخی غلطی" قرار دیتے ہوئے ممکنہ فوجی ردعمل کا عندیہ دیا تھا۔ ایشٹن کارٹر سعودی عرب بھی جائیں گے، جس کے اندر بھی جوہری معاہدے پر تشویش پائی جاتی ہے اور امریکی عہدیدار کی جانب سے یقین دہانی کرائی جائے گی کہ امریکہ خطے میں اپنی مضبوط موجودگی کو برقرار رکھے گا۔ ایشٹن کارٹر کے مطابق ایران کی جانب سے جارحیت اور تباہ کن سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ انتہاپسند گروپس جیسے اسلامک اسٹیٹ کے خلاف جنگ کے لئے ہم خطے میں اپنی مضبوط موجودگی کو برقرار رکھنے کے راستے دیکھ رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اسرائیل کے ساتھ متعدد امور پر کام کر رہے ہیں، جن میں بیلاسٹک میزائل ڈیفنس، انسداد دہشتگردی سرگرمیاں اور فوجی تعاون وغیرہ شامل ہیں۔ امریکی عہدیدار نے کہا کہ سعودی عرب اور پانچ دیگر عرب ریاستوں کے ساتھ امریکہ انسداد دہشتگردی، اسپیشل آپریشن فورسز، میری ٹائم سکیورٹی کے ساتھ ساتھ ہوائی و میزائل ڈیفنس اور سائبر سکیورٹی جیسے شعبوں میں تعاون کو بڑھانا چاہتا ہے۔ امریکی ڈیفنس سیکرٹری کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور وزیر دفاع و نائب ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ اردن میں ایشٹن کارٹر ایک فوجی بیس کا دورہ کرکے اس اردنی پائلٹ کے ساتھیوں سے ملاقات کریں گے، جسے اسلامک اسٹیٹ گروپ نے زندہ جلا کر مار دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 474735
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش