0
Monday 20 Jul 2015 23:58
اسلام آباد میں افغانستان اور طالبان کے مذاکرات کو خوش آمدید کہتے ہیں

افغانستان میں امریکا اور نیٹو کی موجودگی میں امن قائم نہیں ہو سکتا، لیاقت بلوچ

کراچی میں فوج اور رینجرز کی وجہ سے بہتری آئی
افغانستان میں امریکا اور نیٹو کی موجودگی میں امن قائم نہیں ہو سکتا، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے قائم مقام امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے اسلام آباد میں افغانستان اور طالبان کے مذاکرات کو خوش آمدید کہتے ہیں، تاہم جب تک افغانستان میں امریکا اور نیٹو موجود ہے، امن قائم نہیں ہو سکتا، این جی اوز کے ذریعے ملک میں غیر ملکی ایجنڈا نافذ کرنے کی کوشش جاری ہے، نواز مودی مذاکرات کشمیر پر بات کئے بغیر قابل قبول نہیں ہیں، ویسے بھی یہ مذاکرات امریکا، چین اور روس کی مداخلت پر ہو رہے ہیں، جو کہ دیر پا نہیں، اور ہمیشہ کی طرح بھارت اپنی کی باتوں سے مکر جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے مقامی ہوٹل میں اسلامی جمیعت طلباء کی جانب سے منعقدہ عید ملن پارٹی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ سندھ حکومت، ملکی ایجنسیاں اور پولیس نے کراچی اور بلوچستان میں جاری دہشتگردی کے لئے بھارتی خفیہ ایجنسی را کو ذمہ دار قرار دیا ہے، جو کہ دہشتگردی کے واقعات کے لئے فنڈنگ کر رہی ہے، ایسے میں بھارت سے مذاکرات میں نرمی کسی صورت فائدہ مند نہ ہوگی، جس پر دوٹوک مؤقف اختیار کرنا چاہئے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ سندھ کے حالات گڈ گورننس اور توجہ کے طلب گار ہیں، کراچی میں فوج اور رینجرز کی وجہ سے بہتری آئی، تاہم اندرون سندھ نہ صرف کی گئی کرپشن کا احتساب ہونا چاہیئے، بلکہ ترقی کے لئے ایماندار افسران کی تعیناتی بھی ناگزیر ہے، کیونکہ مارشل لاء کے ادوار میں جس اقلیتی برادری نے کبھی پاکستان چھوڑنے کا نہیں سوچا، وہ زرداری اور پیپلز پارٹی کے اس سات سالہ حکومتی دور میں سندھ دھرتی چھوڑنے پر مجبور ہوئی۔ قائم مقام امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ سندھ میں بے پناہ کرپشن ہوئی، اب رینجرز جسے بھی پکڑتی ہے، وہ چور مچائے شور کی مصداق شور مچانے لگ جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات جلد کروائے جائیں، تاکہ محروم عوام کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کئے جا سکیں۔

تقریب سے جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں، کیوںکہ سندھ میں وزیراعلیٰ اور صوبائی وزراء چن چن کر لگائے جاتے ہیں، جن پر کرپشن کے سنگین الزامات ہوتے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ کی انسپیکشن ٹیم کے سربراہ حاجی مظفر شجرا نے صوبائی اداروں کی تباہی کا ذمہ دار کرپشن کو ٹہرایا، تاہم کوئی ایک بھی وزیر اب تک کرپشن کے الزام میں نہیں ہٹایا گیا، جبکہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ والے اپنی حفاظتی ضمانتیں کروا کر بیرون ملک جانے میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں کراچی میں سینکڑوں لوگوں کی اموات پر وزیراعلیٰ ہاﺅس کا یہ بیان قابل مذمت ہے کہ مرنے والوں میں بڑی تعداد گلی، محلوں اور فٹ پاتھ پر سونے والے ہیروئنچیوں کی تھی، یہ بیان اور یہ طرز حکمرانی ثابت کرتا ہے کہ سندھ کی عوام بہتری کے لئے اپنے نمائندے تبدیل کریں۔ اس موقع پر اسلامی جمیعت طلباء کے مرکزی صدر زبیر حفیظ کا کہنا تھا کہ یہ سب تفرقات اور مصیبتیں اسلام سے دوری کے باعث ہیں، ایک جانب جہاں چین میں نوجوانوں کا پسندیدہ مذہب اسلام ہے، برطانیہ میں ایک لاکھ افراد اسلام قبول کر چکے ہیں، اور آسٹریلیا میں تیزی سے پھیلنے والا مذہب اسلام ہے، تو وہیں ہمارے ملک میں اسلام سے دوری ہو رہی ہے۔ اس موقع پر وقاص انجم جعفری، زبیر حفیظ، مہران الہدیٰ صدیقی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 474854
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش