0
Tuesday 21 Jul 2015 23:09

ڈاکٹر طاہرالقادری سے ایم ڈبلیو ایم کے ناصر شیرازی کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

ڈاکٹر طاہرالقادری سے ایم ڈبلیو ایم کے ناصر شیرازی کی  ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما سید ناصر عباس شیرازی نے پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ رہنمائوں نے ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور نون لیگ کی حکومت کی طرف سے پنجاب اور گلگت بلتستان میں دونوں جماعتوں کے کارکنوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نون لیگ مافیا کا روپ دھار چکی ہے، اس کے خلاف فیصلہ کن سیاسی جمہوری جدوجہد ناگزیر ہے۔ ملاقات میں سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ محمد اقبال کامرانی، پی اے ٹی کے قاضی فیض الاسلام، نور اللہ صدیقی بھی شریک تھے۔ ملاقات کے بعد ناصر شیرازی نے خرم نواز گنڈاپور کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نون لیگ کے فاشسٹ اقتدار کے خاتمہ کیلئے پنجاب کی حد تک تمام اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا ہونا ہوگا۔ اپوزیشن جماعتیں اپنی اپنی سیاست پر قائم رہتے ہوئے اور اختلاف رائے کا حق محفوظ رکھتے ہوئے نون لیگ کے اقتدار کے خاتمے کے یک نکاتی ایجنڈے پر اکٹھی ہوں اور اس حوالے سے تمام جماعتوں کی قیادت سے رابطے شروع کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نون لیگ اپوزیشن جماعتوں کے خلاف بے رحمی کے ساتھ ریاستی طاقت اور اختیارات استعمال کر رہی ہے، نون لیگ کے برسراقتدار رہتے ہوئے دہشت گردی اور انتہا پسندی ختم نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے 29 جولائی کو اسلام آباد میں امن نصاب کے حوالے سے ہونے والی تقریب میں شرکت کی دعوت دی جو ہم نے بخوشی قبول کی ہے۔ ہم نے بھی ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی دفتر کے دورے کی انہیں دعوت دی ہے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ مسلم لیگ نون سے خوفزدہ تھے نہ ہونگے، نون لیگ کا اقتدار قومی مفاد کے خلاف ہے، مظلوموں کو ظالموں کے خلاف اکٹھا کرنے کا وقت آگیا۔ سانحہ ماڈل ٹائون میں ملوث شریف برادران کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔ انہیں انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرینگے اور ان کے گلوں میں پھانسی کے پھندے ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کشمیر پر کمزور موقف اختیار کیا۔ مجلس وحدت مسلمین کی قیادت کو ہم احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم بھی شریف حکومت کے ستم کا شکار ہے اور پاکستان عوامی تحریک بھی نون لیگ کے فاشسٹ اقتدار کا نشانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام بڑی چھوٹی جماعتوں کو نون لیگ کے ظالمانہ اقتدار کے خلاف متحد ہونا پڑے گا۔
خبر کا کوڈ : 475127
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش