0
Friday 24 Jul 2015 02:02

جوہری معاہدہ ہی پرامن حل تھا، ایران کے پاس 10 سے 12 ایٹم بم بنانے کیلئے ٹیکنالوجی اور مواد موجود ہے، جان کیری

جوہری معاہدہ ہی پرامن حل تھا، ایران کے پاس 10 سے 12 ایٹم بم بنانے کیلئے ٹیکنالوجی اور مواد موجود ہے، جان کیری
اسلام ٹائمز۔ امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے سینیٹ کی کمیٹی برائے خارجہ امور کے سامنے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کا دفاع کرتے ہوئے اسے مسئلے کے پرامن حل کا واحد قابل عمل راستہ قرار دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کمیٹی کو بتایا کہ ہمیں ایران کو جوہری ہتھیاروں سے دور رکھنا تھا اور ہم نے یہ مقصد حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے پاس یہی راستہ تھا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایران کا جوہری پروگرام محدود اور مکمل طور پر پرامن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران سے جوہری پروگرام کو مکمل طور ختم کرنے پر زور دینا بے مقصد تھا کیونکہ ایران کے پاس دس سے بارہ ایٹم بم بنانے کے لئے ٹیکنالوجی اور مواد موجود ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے سینٹ کی خارجہ امور کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے حوالے سے پہلے دن سے اس بات پر قائم تھے کہ اچھے معاہدے سے کم کچھ قبول نہیں کریں گے۔ ایران کو اپنے 98 فیصد یورینیم افزودگی کے ذخائر ختم کرنا ہونگے۔ 15 برسوں تک یورینیم کی افزودگی اور پلوٹونیم حاصل نہ کرنے کا پابند ہوگا۔ ایران ایسا کرنے میں ناکام ہوا تو اس کے مطابق ردعمل دیں گے۔ اسرائیل سے بھی رابطے میں ہیں۔ ادھر ایران نے کچھ یورپی کمپنیوں سے مذاکرات مکمل کر لئے ہیں، جو مختلف منصوبوں میں 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری کریں گے۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ محمد عباس عراقچی نے خبردار کیا 10سال بعد جوہری پروگرام پر کوئی پابندی قبول نہیں کریں گے۔ عالمی طاقتوں نے مقررہ مدت کے بعد عائد پابندیوں میں توسیع کی کوشش کی تو معاہدہ ٹوٹ جائیگا، ہماری ترجیح قومی مفادات کا تحفظ ہے۔ معاہدے کے باوجود مشرق وسطٰی میں اتحادیوں کی مدد جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 475571
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش