0
Friday 24 Jul 2015 15:27

جوڈیشل کمیشن کی جانب سے الزامات رد کرنے کے بعد عمران خان کو قوم سے معافی مانگنی چاہیئے، نثار کھوڑو

جوڈیشل کمیشن کی جانب سے الزامات رد کرنے کے بعد عمران خان کو قوم سے معافی مانگنی چاہیئے، نثار کھوڑو
اسلام ٹائمز۔ سندھ کے سینئروزیر اطلاعات و آبپاشی نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن عمران خان کی مرضی سے بنا اور اب جوڈیشل کمیشن کی جانب سے عمران خان کے الزامات کو رد کرنے کے بعد انہیں قوم سے معافی مانگنی چاہیے جنہوں نے دھرنا دے کر قوم کے 200 سے زائد قیمتی دن برباد کئے۔ سندھ کابینہ اور وزراء کے محکمہ جات میں تبدیلی معمول کا حصہ ہے۔ سندھ میں منگل اور بدھ تک گڈو بیراج میں 5 سے 6 لاکھ کیوسک تک پانی آنے کا امکان اور اس وقت 4 لاکھ کیوسک پانی گڈو بیراج سے سکھر بیراج تک بہہ رہا ہے اور بند پر ایسی کوئی بھی خطرے کی صورتحال درپیش نہیں ہے جبکہ سکھر بیراج سے کئی لاکھ کیوسک پانی گزرنے کی گنجاش ہے تاہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے الرٹ ہیں تاکہ کوئی بھی نقصان نہ ہوسکے۔ سندھ میں سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر 46 بند کو حساس قرار دے کر نگرانی کا عمل تیز کردیا گیا ہے اور محکمہ آبپاشی کے عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ سال 2010 ء کے سیلاب میں 12 سے 13 لاکھ کیوسک پانی یہاں سے گزر چکا ہے جبکہ اب 5 سے 6 کیوسک پانی گزرنے کا امکان ہے اور ایسی کوئی خطرے کی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2010 ء کے بعد حساس بند سمیت تمام بندوکو مضبوط کرنے کا کام کیا گیا اور اب حساس بندو سمیت تمام بندو پر فوری طور پر پتھر اور مشینری پہنچانے کا کام شروع کیا گیا ہے جبکہ محکمہ آبپاشی کے عملے کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں جہاں عملہ ہر وقت بندو کی نگرانی کررہا ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کچے کے علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کا بندوبست کرے۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ بھی قائم کرنے کا بندوبست کیا گیا ہے اور متاثرہ افراد کے لئے ٹینٹ سٹی بھی قائم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کنٹرول روم بھی قائم کئے گئے ہیں جبکہ پانی کی منصفانہ تقسیم کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب دریاؤں میں پانی ہوگا تو کینالوں میں پانی کی کمی برداشت نہیں کروں گا کیونکہ کاشت کاروں کی فصلوں کو کسی بھی صورت نقصان نہیں پہنچنا چاہیے ٹیل کے آبادگاروں تک بھی ہر صورت پانی پہنچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کینالوں سے غیر قانونی آؤٹ لیٹس ختم کرائے جائیں گے۔ انہوں نے محکمہ آبپاشی کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ کینالوں کی گیجز کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ کابینہ اور وزراء کے محکمہ جات میں تبدیلی معمول کا حصہ ہے اور ان تبدیلیوں کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ کسی بھی وزیر کی کارکردگی بہتر نہیں ہے کابینہ میں تبدیلی ہوتی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے رد کئے گئے کالا باغ ڈیم کو عمران خان نے بنانے کا کھلا اعلان کیا ہے اور بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کی حمایت کا اعلان کرکے عمران خان نے اسمبلیوں کی بے عزتی کی ہے ان اسمبلیوں نے تین ، تین بار کالا باغ کی مخالفت میں قراردادیں منظور کی ہیں جبکہ کے پی کے اسمبلی میں بھی کالا باغ ڈیم کے خلاف قرار داد منظور ہوئی۔ اب عمران خان خود اپنی کے پی کے اسمبلی کی بے عزتی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو آبپاشی سے متعلق کوئی معلومات نہیں ہے تو وہ سوچ سمجھ کر بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی سے متعلق جوڈیشل کمیشن عمران خان کی مرضی سے بنا اور اب جوڈیشل کمیشن کی جانب سے عمران خان کے الزامات کو رد کرنے کے بعد انہیں قوم سے معافی مانگنی چاہیے جنہوں نے دھرنا دے کر قوم کے 200 سے زائد قیمتی دن برباد کئے اور معیشت کو نقصان پہنچایا اور پڑوسی ملک کے صدر کا دورہ بھی ملتوی ہوا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی وزیر یا آفیسر پر الزام لگانا مناسب نہیں ہے جب تک کہ اس پر کرپشن سمیت کوئی بھی جرم ثابت نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری پہلے بھی ملک سے باہر آتے جاتے رہے ہیں اور اب بھی وہ جب چاہیں اپنے ملک آسکتے ہیں اس لئے اس کے بیرون ملک جانے کو اشو نہ بنایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 475616
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش