اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے سچل میں فلیٹ سے 4 لاشیں برآمد ہوئیں ہیں، جن میں ایک بچہ اور 3 خواتین شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے سچل میں ایک فلیٹ سے بچے اور 3 خواتین کی لاشیں برآمد ہوئیں ہیں، جنہیں تشدد کے بعد قتل کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ علاقہ مکینوں کی جانب سے پولیس کو فلیٹ سے تعفن اٹھنے پر اطلاع دی گئی، جس کے بعد فلیٹ سے 4 لاشیں برآمد کی گئیں، جو ایک ہفتے سے زائد پرانی ہیں، جبکہ چاروں کے جسم پر بظاہر تشدد کے نشانات ہیں، تاہم پوسٹ مارٹم کے بعد موت کی وجوہات سامنے آسکیں گی، جبکہ واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے۔ پولیس کے مطابق علاقہ مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ فلیٹ ایک خاتون کا ہے، جس میں وہ اور اس کا بچہ رہائشی پذیر تھے، جبکہ خاتون نے فلیٹ 6 سے 8 ماہ قبل 2 خواتین کو کرائے پر دیا تھا، جبکہ فلیٹ سے اکثر اقات چیخ و پکار کی آوازیں بھی آتی تھیں۔