0
Sunday 26 Jul 2015 23:39

عمران خان نے آمر مشرف کا نمک کھایا جسکا اثر انکی سیاست میں گردش کرتا ہے، وقار مہدی

عمران خان نے آمر مشرف کا نمک کھایا جسکا اثر انکی سیاست میں گردش کرتا ہے، وقار مہدی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات وقار مہدی نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی پریس کانفرنس کو کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آمر پرویز مشرف کا نمک کھایا ہوا ہے، جسکا اثر انکی سیاست میں گردش کرتا رہتا ہے۔ اپنے بیان میں وقار مہدی نے کہا کہ عمران خان ایک طرف جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو تسلیم کرتے ہیں، اور دوسری طرف اس پر خدشات کا اظہار بھی کرتے ہیں، جو کہ انکی منافقانہ سیاست کا اعلیٰ شاہکار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کو بھی 2013ء کے الیکشن پر تحفظات ہیں، ہم انہیں آر او (RO) الیکشن کہتے ہیں، لیکن جمہوری سسٹم کے فروغ کی خاطر ہم نے ان الیکشن کو تسلیم کیا، تاکہ جمہوریت کا پودا مضبوط ہو سکے۔

وقار مہدی نے کہا کہ عمران خان کو کسی بھی طرح اقتدار حاصل کرنے کی بہت جلدی ہے، جس کیلئے وہ تمام جمہوری روایات اور طریقوں کو پامال کرنے کیلئے ہر وقت اشاروں کے انتظارمیں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص ایک صوبے کی حکومت کو بہتر انداز میں نہیں چلا سکا، وہ ملک کی باگ ڈور کیا سنبھالے گا۔ رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ کہ سیاست کھیل کا میدان نہیں کہ عمران خان کوئی بھی میچ فکس کر لیں، سیاست میں عوام کے حقوق کیلئے قربانیاں دینی پڑتی ہیں، اور طویل جدوجہد کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوڈ یشل کمیشن سے عمران خان اپنے تمام الزامات مسترد ہونے کے بعد اپنی شرمندگی کو چھپانے کی ناکام کوششیں کرتے ہوئے بونگیاں مار رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 476198
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش