0
Monday 27 Jul 2015 08:53

قومی اسمبلی کےاجلاس میں آج پی ٹی آئی ارکان کی قسمت کا فیصلہ ہو گا

قومی اسمبلی کےاجلاس میں آج پی ٹی آئی ارکان کی قسمت کا فیصلہ ہو گا
اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ایک ماہ 3روز کے وقفے کے بعد آج اسپیکر کی زیرصدارت ہو گا۔ قومی اسمبلی آج تحریک انصاف کے ارکان کی قسمت کا فیصلہ کرے گی، پیپلز پارٹی کی جانب سے غیرحاضری پر پی ٹی آئی ارکان کی رکنیت منسوخ کرنے کی تحریک کی مخالفت کیے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز 24واں اجلاس آج شام 4 بجے اسپیکر سردار ایازصادق کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا جس میں اہم قومی امور پر بحث کے علاوہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا بل بھی قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ قبل ازیں اجلاس کے ایجنڈے کی منظوری کے لیے قومی اسمبلی کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس بھی سہ پہر 3 بجے اسپیکر کی زیرصدارت ہو گا جس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کے نمائندے شریک ہوں گے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے حکام کے مطابق اجلاس 2 ہفتے جاری رہنے کا امکان ہے۔ اجلاس میں اسپیکر کی جانب سے ایم کیو ایم اور جمعیت علمائے اسلام کی پیش کردہ تحاریک پر رائے شماری کرائے جانے کا امکان ہے۔ مذکورہ تحاریک میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان سمیت تحریک انصاف کے 28 ایم این ایز بغیر کسی اطلاع کے مسلسل 40 روز سے زائد قومی اسمبلی کے اجلاس سے غیر حاضر رہے لہٰذا آئین کے آرٹیکل64 کی شق نمبر2 کے تحت ان کی رکنیت منسوخ کی جائے۔

ذرائع کے مطابق اسپیکرقومی اسمبلی آج مذکورہ تحاریک پر ایوان کی رائے لیں گے جبکہ اکثریتی ارکان کی جانب سے حمایت کی صورت میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، شاہ محمود قریشی، اسد عمر سمیت 28 ایم این ایز کی رکنیت منسوخ ہو جائے گی۔ اس صورتحال میں الیکشن کمیشن آف پاکستان مذکورہ خالی نشستوں پر 90 روز کے اندر ضمنی انتخابات کرانے کا پابند ہو گا۔ واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے ارکان کی جانب سے قومی اسمبلی کے اجلاس میں مذکورہ تحاریک کی مخالفت کیے جانے کا امکان ہے جبکہ پی پی قیادت کی جانب سے (ن) لیگی قیادت کو بھی مذکورہ تحاریک کی مخالفت کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کی حلقہ بندیوں کا بل 2015ء اور دی الیکٹورل ترمیمی بل 2015ء پر رپورٹ بھی ایوان میں پیش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنس بل 2015ء کی بھی منظوری لی جائے گی۔ اجلاس میں دی سیف گارڈ اقدام آرڈیننس 2015ء، ای کاؤنٹرویلنگ ڈیوٹیز آرڈیننس 2015ء، اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز آرڈیننس2015ء، این ایف سی آرڈیننس 2015ء اور پبلک لاء آف پاکستان آرڈیننس 2015ء کی قراردادیں ایوان میں پیش کی جائیں گی۔
خبر کا کوڈ : 476214
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش