0
Monday 27 Jul 2015 12:23

بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کی کرپشن کا حصہ ہیں، نمائشی تبدیلیوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، ایاز لطیف پلیجو

بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کی کرپشن کا حصہ ہیں، نمائشی تبدیلیوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، ایاز لطیف پلیجو
اسلام ٹائمز۔ قومی عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کی کرپشن کا حصہ ہیں نمائشی تبدیلیوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، پیپلز پارٹی کا ملک کے دیگر صوبوں کے بعد سندھ میں بھی دھڑن تختہ ہو چکا ہے، نواز شریف پیپلز پارٹی کی رسی کھینچیں ورنہ وہ پاک چائنا اقتصادی راہداری کے منصوبے کو سبوتاژ کر دے گی، رینجرز پیپلز پارٹی کے کرپٹ ورزاء کو گرفت میں لائے، ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی اور رابطہ کمیٹی کے ارکان ٹیلی وژن پر اپنے آپ کو سیاسی لوگ ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگر عملاً ٹارگٹ کلرز پالتے ہیں رینجرز کو چاہیے کہ ایم کیو ایم کے ٹارگٹ کلرز پالنے والے رابطہ کمیٹی کے ارکان پر ہاتھ ڈالے، کراچی کے اردو بولنے والے عوام بھی اب الطاف حسین اور زرداری کی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں وہ ان دونوں پارٹیوں کی تباہ کن حکمرانی سے نجات چاہتے ہیں۔ وہ قاسم آباد نسیم نگر چوک پر پیپلز پارٹی کی کرپشن اور ایم کیو ایم کی دہشت گردی کے خلاف لگائے گئے 10 روزہ احتجاجی کیمپ کے تیسرے روز میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے عمر کوٹ سے تعلق رکھنے والے ایم این اے لال مالہی، مسلم لیگ (ن) سندھ اسمبلی کے کراچی سے رکن شفیع محمد جاموٹ اور خدا ڈنو شاہ کے علاوہ قومی عوامی تحریک کے سیکریٹری جنرل انور سومرو، نور محمد کاتیار اور دیگر رہنما اور کارکن بھی موجود تھے۔ ایاز لطیف پلیجو نے کیمپ کے تین روز کے دوران جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی، ایس یو پی کے وفود کی آمد اور ایم این اے لال مالہی اور شفیع محمد جاموٹ اور دیگر کی شرکت اور اظہار یکجہتی کرنے کا شکریہ ادا کیا۔

قومی عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو ایڈوکیٹ نے ایک سوال پر کہا کہ بلاول بھٹو زرداری خود پیپلز پارٹی کی کرپشن سے فائدہ اٹھانے والی شخصیت ہے لیکن ان کے بارے میں تاثر دیا جا رہا ہے کہ وہ کرپشن کے خلاف ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ ایسا ہی ہے کہ کوئی ایس ایچ او خود بھتے وصول نہ کرے اور کہے کہ رشوت لینا جرم ہے مگر ہر مہینے کے آخر میں اپنے ماتحتوں سے وصول ہونے والے بھتے میں سے اپنے حصے کا مطالبہ کرے۔ ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری لندن دبئی میں رہتے ہیں وہاں بڑے بڑے بنگلے ہیں سالوں سے وہ مختلف تعلیمی اداروں میں پڑھ رہے ہیں ان کے سفر پر بھاری اخراجات آتے ہیں، یہ تمام رقم آصف علی زرداری کی ہے جو کہ رشوت سے کمائی گئی ہے اور بلاول بھٹو زرداری نے کبھی اس کو لینے سے انکار نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کا ایم این اے فریال تالپور سے صرف یہ اختلاف تھا کہ اس کے نمائندے کرپشن کی جمع ہونے والی ساری رقم لے جاتے تھے اور حصہ بلاول تک نہیں پہنچتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کو پیپلز پارٹی کی طرف سے آگے لانا کاسمیٹک سرجری ہے کسی وزیر کو یا افسر کو ادھر سے اٹھا کر کسی اور جگہ بٹھا دینا کوئی تبدیلی نہیں ہے کرپٹ افراد ہر جگہ کرپٹ رہیں گے اس طرح کی فیس سیونگ کاروائیوں سے کچھ نہیں ہو گا کچھ بادشاہ لوگ جن کا پیپلزپارٹی اور دیگر حلقوں سے تعلق ہے وہ بلاول بھٹو کے بارے میں تاثر دے رہے ہیں کہ وہ بڑی تبدیلیاں لائیں گے حالانکہ وہ تمام کرپٹ مشینری کا حصہ ہیں اور تمام کرپشن ان کی رضامندی سے ہی ہو رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 476285
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش