0
Tuesday 28 Jul 2015 12:47

کراچی میں شدید بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے انتظامیہ کو اربن فلڈنگ کی الرٹ جاری کردی

کراچی میں شدید بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے انتظامیہ کو اربن فلڈنگ کی الرٹ جاری کردی
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات تک مزید بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق سندھ میں دوسرا مون سون سسٹم داخل ہوچکا ہے جس کے تحت اندرون سندھ موسلا دھار بارشیں شروع ہوچکی ہیں جب کہ کراچی میں جمعرات تک موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں، کالا پل، ڈیفنس، اختر کالونی، قیوم آباد، کورنگی، ملیر سمیت دیگر علاقوں میں بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی سید سلمان شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں شدید بارشوں کے پیش نظرپی ڈی ایم اے نے ضلع انتظامیہ کو اربن فلڈنگ کی الرٹ جاری کردی ہے، نشیبی علاقوں کے مکین شدید بارشوں سے قبل محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔ انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے سندھ گڈو بیراج اور سکھر بیراج میں سیلابی صورت حال کی مکمل نگرانی کر رہی ہے۔ ادھر بالائی سندھ و بلوچستان میں مون سون کا برساتی سلسلہ شروع ہوگیا، موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔ اندرون سندھ موسلا دھار بارش نے کھجور کی فصل تباہ کردی۔ خیرپور میں طوفانی بارش مسلسل 3 گھنٹے تک برستی رہی جس کی وجہ سے کھجور کی تیار فصل تباہ ہوگئی اور آبادگاروں کو خطیر رقم کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ موسلا دھار بارش سے چھوٹے بڑے شہروں میں بجلی کی فراہمی بھی منقطع ہوگئی۔
خبر کا کوڈ : 476480
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش