QR CodeQR Code

سیلاب متاثرین کیلئے رمک اور پروآ میں دو ریلیف کیمپ قائم کردیئے ہیں، کمشنر ڈیرہ

28 Jul 2015 15:22

اسلام ٹائمز: امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے کمشنر آفس ڈی آئی خان میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کا کہنا تھا کہ رودبد میں سیلابی پانی سے سی آر بی سی نہر کو کچھ نقصان ہوا ہے، جس کو فوری طور پر مرمت کر لیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کمشنر ڈیرہ ذاکر حسین آفریدی نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں انتظامیہ نے سیلاب سے بچاؤ کیلئے تمام انتظامات مکمل کر رکھے ہیں۔ رمک اور پروآ کے مقام پر سیلاب متاثرین کیلئے دو ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ایریگیشن کا عملہ ہیوی مشینری کے ہمراہ متاثرہ علاقوں میں موجود ہے۔ حالات کی چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس میں سیلاب سے بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نثار احمد، اسسٹنٹ کمشنر سلیمان لودھی و دیگر حکام شریک تھے۔ انتظامیہ نے کمشنر ڈیرہ کو سیلاب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر کمشنر ڈیرہ نے حفاظتی اقدامات کے حوالے سے حکام کو مزید ہدایات جاری کیں۔ کمشنر ڈیرہ ذاکر حسین آفریدی نے کہا کہ کچے کے علاقے جھوک سموکے والی، بستی علی اور بستی شیخانوالی میں سیلاب کے خطرہ کے پیش نظر لوگوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ رودبد میں سیلابی پانی سے سی آر بی سی نہر کو کچھ نقصان ہوا ہے۔ جس کو فوری طور پر مرمت کر لیا گیا ہے۔ اسی طرح سی آر بی سی نہر میں بھی پانی کو عارضی طور پر کم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے خطرہ کے پیش نظر پاک فوج کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں اور پاک فوج بھی امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہی ہے۔ بارہ کشتیاں متاثرہ علاقوں میں پہنچائی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول انتظامیہ ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے مکمل تیار ہے اور خطرے کی کوئی بات نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 476531

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/476531/سیلاب-متاثرین-کیلئے-رمک-اور-پروآ-میں-دو-ریلیف-کیمپ-قائم-کردیئے-ہیں-کمشنر-ڈیرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org