QR CodeQR Code

رینجرز کے کراچی میں آپریشن پر سندھ حکومت کو اب کوئی اعتراض نہیں، وزیر داخلہ سندھ

29 Jul 2015 00:24

اسلام ٹائمز: خیرپور لاڑکانہ پل پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل انور سیال نے کہا کہ الطاف حسین کے خلاف دائر مقدمات پر تحقیقات جاری ہے، جس کے مکمل ہونے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ رینجرز کراچی میں بلاتفریق ٹارگٹڈ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے، جس سے سندھ حکومت کو اب کوئی اعتراض نہیں، رینجرز کو وہی اختیارات حاصل ہیں، جو کہ ماضی میں ان کے پاس تھے۔ لاڑکانہ میں مختلف حفاظتی بندوں کے دورے کے بعد خیرپور لاڑکانہ پل پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل انور سیال نے کہا کہ سندھ پولیس کی بہتر کارکردگی کے باعث کراچی سمیت سندھ بھر میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے، پولیس میں جرائم پیشہ ریکارڈ رکھنے والے افسران اور اہلکاران کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے گی، انہیں بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال سندھ پولیس 10 ہزار پولیس اہلکار میرٹ کی بنیادوں پر بھرتی کریں گے، جس ضلع سے بھرتی میں کرپشن کی شکایات سامنے آئیں، اس ضلع کے ایس ایس ایس پی کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

سہیل انور سیال نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف دائر مقدمات پر تحقیقات جاری ہے، جس کے مکمل ہونے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں آنے والے سیلابی پانی کے حوالے سے صوبائی حکومت کی جانب سے تیاریاں مکمل ہیں، بغیر کسی نقصان کے پانی سندھ سے گذر جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف افواہیں ہمیشہ زیر گردش رہتی ہیں، فریال تالپور جلد پاکستان واپس آئیں گی، جس سے افواہیں دم توڑ دیں گی۔


خبر کا کوڈ: 476639

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/476639/رینجرز-کے-کراچی-میں-آپریشن-پر-سندھ-حکومت-کو-اب-کوئی-اعتراض-نہیں-وزیر-داخلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org