QR CodeQR Code

جوڈیشل کمیٹی نے تین بڑی سیاسی جماعتوں کو نظرانداز کیا جنہیں طالبان نے الیکشن مہم چلانے نہ دی، تاج حیدر

31 Jul 2015 00:08

اسلام ٹائمز: اپنے بیان میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی بیورو کریسی جو گزشتہ کئی انتخابات کروا کر دھاندلی کروانے میں مہارت حاصل کر چکی ہے، نے کھل کر اسٹیبلشمنٹ کا ساتھ نبھایا، اور کئی مواقع پر الیکشن کمیشنر کے احکامات کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر تاج حیدر نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیٹی نے تین بڑی پروگریسو سیاسی جماعتوں کو قطعی طور پر نظر انداز کر دیا ہے، جنہیں دہشتگرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے الیکشن مہم چلانے نہ دی، اور الیکشن دائیں بازو کی جماعتوں کی جھولی میں ڈال دیا، یہ ایک اہم نکتہ ہے جو انتخابات میں دھاندلی کو ثابت کرنے کیلئے کافی ہے۔ اپنے ایک بیان میں سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن نے الیکشن کمیشن کی کوتاہیوں کا ذکر تو اپنی رپورٹ میں ضرور کیا، لیکن سابقہ الیکشن کمشنر یا کسی بھی رکن کو سننا گوارا نہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ الیکشن کمیشن 3 اور 2 کے درمیان منقسم تھا، تین اراکین نے دائیں بازو کی جماعتوں کے خلاف ایک لفظ بھی سننے سے قطعاً انکار کر دیا تھا، اور وہ ان جماعتوں کی کامیابی کیلئے حمایتی کی حیثیت سے کام کرتے رہے۔

تاج حیدر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی بیورو کریسی جو گزشتہ کئی انتخابات کروا کر دھاندلی کروانے میں مہارت حاصل کر چکی ہے، نے کھل کر اسٹیبلشمنٹ کا ساتھ نبھایا، اور کئی مواقع پر الیکشن کمیشنر کے احکامات کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا۔ رہنما پیپلز پارٹی نے نے مطالبہ کیا کہ مختلف اراکین کی آراء کا ازسرنو نہایت باریک بینی سے جائزہ لیا جائے، تاکہ اس بات کا تعین کیا جا سکے کہ وہ کون سے اراکین تھے، جو شفاف انتخابات کے انعقاد میں بدنظمی کی وجہ بنے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے، جو تمام ریکارڈ کا جائزہ لے اور اراکین کے رویئے پر اپنی رائے دے۔


خبر کا کوڈ: 477028

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/477028/جوڈیشل-کمیٹی-نے-تین-بڑی-سیاسی-جماعتوں-کو-نظرانداز-کیا-جنہیں-طالبان-الیکشن-مہم-چلانے-نہ-دی-تاج-حیدر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org