0
Saturday 1 Aug 2015 19:37

فوج کے دہشت گردی کے خلاف اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں،اعجاز ہاشمی

فوج کے دہشت گردی کے خلاف اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں،اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان کی مجلس شوریٰ اور مجلس عاملہ کا مشترکہ اجلاس مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ جس میں سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخواہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے اراکین سمیت شاہ اویس نورانی، قاری زوار بہادر، مفتی ابراہیم، فیاض خان، مولانا عبدالمجید جتک نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ کفر اور شرک کے نعرے لگانے والے دہشت گردوں نے اسلام دشمنوں اور یہودی ایجنٹوں کا کردار ادا کیا ہے۔ فوج کے دہشت گردی کے خلاف اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے یو پی اتحاد اہل سنت ہی نہیں اتحاد امت پر بھی یقین رکھتی ہے۔ عملی طور پر اسے ملی یکجہتی کونسل اور متحدہ مجلس عمل قائم کر کے ثابت بھی کیا ہے مگر افسوس کہ اب اتحاد امت کا یہ پلیٹ فارم اپنی افادیت کھو بیٹھا ہے۔ مسترد عناصر ملی یکجہتی کونسل کی عبوری قیادت سنبھال کر مولانا شاہ احمد نورانی کے جانشین ہونے کے جھوٹے دعوے کرتے ہیں۔ پیر اعجاز ہاشمی نے مذہبی جماعتوں کے سیاسی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ شاہ احمد نورانی مرحوم کے مشن کے وارث اتحاد امت میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر کمزور حکومتی موقف نے قوم کو شرمندہ اور کشمیری قیادت کو مایوس کیا ہے۔ جس کے ازالے کے لئے سیاسی دباو بڑھانا چاہیے۔ جے یو پی کے مرکزی صدر نے تنظیمی عہدیداروں سے خود احتسابی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خالی عہدوں پر متحرک نظریاتی نوجوان کارکنوں کو تعینات کیا جائے جبکہ جمعیت علما پاکستان کو وسعت دینے کے لئے خواتین، لائرز، مزدور کسان، طلبا، تاجر کو متحرک اور اقلیتی ونگ کو تشکیل دے کر قومی پلیٹ فارم کو تمام طبقات تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے جوڈیشل کمیشن رپورٹ کی روشنی میں صاف شفاف انتخابات کے لئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر موجود جماعتوں کو اعتماد میں لینے کے لئے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جے یو پی سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں مقامی سطح پر سیاست اور خدمت کا جذبہ رکھنے والے صالح نوجوانوں کو آ گے لائے گی۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ سیلاب نے ایک بار پھر ریاستی تیاریوں کو بے نقاب اور کالا باغ ڈیم پر قومی اتفاق رائے کی ضرورت کو مزید اجاگر کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 477361
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش