0
Sunday 2 Aug 2015 18:44

پاک چین اقتصادی راہداری میں گلگت بلتستان کو بھی شامل کیا جائے، منظور پروانہ

پاک چین اقتصادی راہداری میں گلگت بلتستان کو بھی شامل کیا جائے، منظور پروانہ
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان یونائیٹڈ موؤمنٹ کے چئیرمین منظور پروانہ نے کہا ہے کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے پر ہونے والے معاہدوں میں گلگت بلتستان کو براہ راست تیسرے فریق کے طور پر شامل کیا جائے اور اس معاہدے کے مقاصد، فوائد اور شرائط کے بارے گلگت بلتستان کے عوام کو مکمل معلومات فراہم کیا جائے کیونکہ گلگت بلتستان ایک متنازعہ خطہ ہے جو اپنی آزادی و خودمختاری کے لئے اقوم متحدہ کے سلامتی کونسل میں تنازعہ کشمیر کے ساتھ گزشتہ چھ دہائیوں سے لٹکا ہوا ہے۔ ایک آزاد اور خود مختار حکومت کی تشکیل سے قبل ہمسایہ ملکوں کا گلگت بلتستان کو اپنے معاشی و تجارتی مفادات کے لئے استعمال کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور گلگت بلتستان کے عوام کا جغرافیائی و معاشی استحصال کے مترادف بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبہ پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری گلگت بلتستان سے گزرتا ہے اس کے باوجود اس اہم منصوبے پر گلگت بلتستان کے عوام کو اعتماد میں نہیں لیا جا رہا ہے اور نہ ہی اس معاہدے میں شامل کیا گیا ہے، پاکستان چین اقتصادی راہداری میں گلگت بلتستان کی سرزمین کو استعمال تو کیا جا رہا ہے جبکہ یہاں کے عوام کو اس منصوبے کے ثمرات اور فوائد سے محروم رکھا جا رہا ہے، اس منصوبے میں گلگت بلتستان چین اور پاکستان تینوں کو برابری کی بنیاد پر نمائندگی ملنی چاہیے اور اس راہداری منصوبے کی راہیں گلگت بلتستان میں بھی کھلنی چاہیے۔ منظور پروانہ نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے میں گلگت چلاس اور اسکردو میں بھی ڈرائی پورٹ بنانے کا منصوبہ بھی شامل کیا جائے۔ ان منصوبے کی ریونیو کا فی صد حصہ براہ راست گلگت بلتستان حکومت کو دیا جائے۔ اشکومن سے تاجکستان اور اسکردو سے کرگل تجارتی راستوں کو ہنگامی بنیادوں پر کھولا جائے۔ گلگت بلتستان کو ٹیکس فری زون قرار دیتے ہوئے اسکردو اور گلگت ائیرپورٹ کو انٹرنیشنل ہوا بازی کے لئے کھولا جائے اور ٹورزم کو فروغ دے کر لوگوں کی معاشی مشکلات کا ازالہ کرنے کے کئے سائنسی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 477546
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش