0
Wednesday 12 Aug 2015 10:57

بھارت کشمیری عوام کے حق آزادی کو تسلیم نہیں کرتا، علی گیلانی

بھارت کشمیری عوام کے حق آزادی کو تسلیم نہیں کرتا، علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے 15 اگست کو مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بھارت سمیت کسی بھی ملک کی آزادی کے مخالف نہیں ہیں تاہم جب تک یہ ملک کشمیری عوام کے حق آزادی کو تسلیم نہیں کرتا اور آزادانہ رائے شماری کے ذریعے انہیں اپنے مستقبل کے تعین کا موقع فراہم نہیں کرتا اس کو جموں کشمیر کی سرزمین پر آزادی کی تقریبات منعقد کرنے کا کوئی آئینی اور اخلاقی حق نہیں پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت صرف اپنے فوجی طاقت کے بل بوتے پر ہماری گردنوں پر سوار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سری نگر سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم پچھلے 68 سال سے یہ مطالبہ کرتی آ رہی ہے کہ بھارت اپنی افواج کو واپس بلائے اور ہمیں اپنے مستقبل کے تعین کے حوالے سے فیصلہ کرنے کا موقع فراہم کرے۔ یہ خالصتاً ایک جمہوری ڈیمانڈ ہے، بھارت نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اس کو پورا کرنے کے وعدے بھی کیے ہیں، بھارت اپنے وعدوں سے مکر گیا اور وہ کشمیری قوم کی جائز آواز کو طاقت کے ذریعے دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ ایسی صورتحال میں بھارت 15 اگست کے دن کشمیر کی سرزمین پر جشن کی تقریبات منعقد کرتا ہے تو یہ کشمیری قوم کے زخموں پر نمک پاشی کا کام کرتی ہیں اور انہیں اپنی آزادی کی یاد بہت ستاتی ہے۔ بھارت کو ہماری سرزمین پر جشن آزادی منانے کا کوئی حق نہیں پہنچتا، بھارتی قیادت میں ضمیر نام کی کوئی چیز ہے تو انہیں اس سلسلے کو بند کرنا چاہیے اور ایسی تقریبات کے انعقاد کو اپنے ملک تک محدود رکھنا چاہیے۔

ادھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران منگل کو ضلع پلوامہ میں مزید دو نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ان نوجوانوں کو ضلع کے علاقے رتنی پورہ میں ایک فوجی آپریشن کے دوران شہید کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق بھارتی فوجیوں نے آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹروں کا استعمال بھی کیا جس سے علاقے میں سینکڑوں کنال پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ فوجی کارروائی کے خلاف پلوامہ کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوئے جس میں بھارتی فوج نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے کئی افراد کو زخمی کر دیا۔
خبر کا کوڈ : 479317
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش