QR CodeQR Code

قصور واقعہ کے ملزموں کو بچانے والے بااثر افراد کو بھی بے نقاب کیا جائے،فرید پراچہ

12 Aug 2015 21:57

اسلام ٹائمز:جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ابھی تک مظلومین کے اعتماد کی بحالی اور انہیں تفتیش میں تعاون کی صورت میں بااثر طبقات کے ظلم سے بچانے کے لیے کسی بھی طرح کی یقین دھانی نہیں کرائی گئی جب تک حکومتی اداروں پر اعتماد بحال نہیں ہوتا، لوگ سامنے آ کر اس شرمناک واقعہ کے مدعی اور گواہ نہیں بن سکتے۔


اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ سانحہ قصور نے پوری قوم کو شدید کرب میں مبتلا کر رکھا ہے جبکہ حکمرانوں اور اعلیٰ پولیس افسران کا زور صرف پریس کانفرنسوں تک محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک مظلومین کے اعتماد کی بحالی اور انہیں تفتیش میں تعاون کی صورت میں بااثر طبقات کے ظلم سے بچانے کے لیے کسی بھی طرح کی یقین دھانی نہیں کرائی گئی جب تک حکومتی اداروں پر اعتماد بحال نہیں ہوتا، لوگ سامنے آ کر اس شرمناک واقعہ کے مدعی اور گواہ نہیں بن سکتے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان بااثر افراد کو بھی بے نقاب کرے جو بدترین ملزموں کو بچانے کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی متعدد سنگین واقعات چند روز میڈیا میں نمایاں ہوئے ہیں اور جیسے ہی میڈیا اور عوام میں معاملہ ٹھنڈا ہو جاتا ہے، مجرموں کا سرپرست مافیا سرگرم ہو جاتا ہے اور بالآخر واقعات کسی نتیجہ تک پہنچائے بغیر ختم ہو جاتے ہیں اور اس طرح مجرموں کی مکمل سیاسی پشت پناہی ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محسوس ہوتا ہے کہ اب بھی معاملہ کے سرد پڑ جانے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 479490

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/479490/قصور-واقعہ-کے-ملزموں-کو-بچانے-والے-بااثر-افراد-بھی-بے-نقاب-کیا-جائے-فرید-پراچہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org