0
Wednesday 12 Aug 2015 23:57

مولانا فضل الرحمان کو ایم کیو ایم کو منانے کی ذمہ داری سونپ دی گئی

مولانا فضل الرحمان کو ایم کیو ایم کو منانے کی ذمہ داری سونپ دی گئی
اسلام ٹائمز۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر فاروق ستار سے رابطے کیا ہے جبکہ مولانا فضل الرحمان کو متحدہ قومی موومنٹ کے استعفے واپس لینے کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم نے بیلاروس سے واپسی کے فوری بعد اپنے قریبی رفقاء سے معاملے کے حل کیلئے غیر رسمی مشاورت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ انہوں نے براہ راست فاروق ستار سے رابطہ کیا ہے اور انہیں استعفے واپس لینے کا کہا ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیرخزانہ کو بتایا ہے کہ استعفے واپس لینے کا فیصلہ الطاف حسین نے کرنا ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ متحدہ موومننٹ نے استعفوں کا فیصلہ عجلت میں کیا ہے، حکومت قانون اور آئین کے اندر رہتے ہوئے ان کے تحفظات دور کرنے کیلئے تیار ہے۔ اسحاق ڈار نے فاروق ستار سے ہونے والی بات چیت کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے۔

دوسری جانب جمعیت علماء اسلام فے کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو بھی ایم کیو ایم کے استعفوں کے حوالے سے اہم ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ مولانا فضل الرحمان متحدہ کے استعفوں کی واپسی کیلئے الطاف حسین سے رابطہ کریں گے اور ضرورت پڑنے پر وہ متحدہ کے قائد سے ملاقات کیلئے لندن بھی جا سکتے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف بھی بیلا روس کا تین روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے ہیں، ایئیر پورٹ پر وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ان کا استقبال کیا اور انہیں متحدہ قومی موومنٹ کے قومی اسمبلی، سینیٹ اور صوبائی اسمبلی سے استعفنے دینے کے معاملے سے آگاہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے اپنے قریبی رفقاء کیساتھ غیر رسمی مشاورت کی ہے جس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کو پارلیمنٹ کے اندر رہتے ہوئے جمہوری استحاکم کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ وزیراعظم جمعرات کو بھی وفاقی وزراء اور قانونی ماہرین سے استعفوں کے معاملے پر مشاورت جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 479524
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش