QR CodeQR Code

مسئلہ کشمیر پس پشت نہیں رکھ سکتے، عبدالباسط

15 Aug 2015 09:24

اسلام ٹائمز: دہلی مشن میں یوم آزادی کی تقریب خطاب کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی جائز جدوجہد خواہ کتنا عرصہ ہی جاری رہے پاکستان کبھی بھی کشمیر اور اس کے مقصد کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے کہا ہے کہ وہ انڈیا کے ساتھ معمول کے تعلقات چاہتا ہے لیکن کشمیری کی جائز امنگوں کی قیمت پر ہرگز نہیں۔ انڈیا میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے جمعہ کو یہاں دہلی مشن میں یوم آزادی کی تقریب میں کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے انڈیا کے ساتھ تعاون پر مبنی معمول کے تعلقات کا خواہاں رہا ہے، لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ جموں و کشمیر سمیت تمام مسائل حل کیے جائیں۔ عبدالباسط کے اس بیان سے قبل ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر کے ذریعے پاکستانی عوام کو یوم آزادی پر مبارک باد دی۔ یہ بیانات ایک ایسے موقع پر سامنے آ رہے ہیں جب دونوں ملکوں کے قومی سلامتی کے مشیر 24-23 اگست کو دہلی میں ملاقات کریں گے۔

عبدالباسط نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی امنگوں کو نا تو نظرانداز کیا جا سکتا ہے اور نا انہیں پس پشت رکھا جا سکتا۔ ’کشمیریوں کی جائز جدوجہد خواہ کتنا عرصہ ہی جاری رہے پاکستان کبھی بھی کشمیر اور اس کے مقصد کو تنہا نہیں چھوڑے گا‘۔ انہوں نے کہا کہ خوشگوار باہمی ماحول قائم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ دقیانوسی تصورات اور پروپیگنڈے سے بچا جائے۔

انہوں نے پاکستان میں ہونے والی دور رس تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے باہمت لوگ ہمیشہ مشکل چیلنجز سے بھرپور طریقے سے نبر آزما ہوتے ہیں۔ ’پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کی صلاحیتوں اور سرمایہ کاری کے لئے بے مثال مواقع فراہم کرنے کا منہ بولتا ثبوت ہے‘۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان خطے اور دوسرے ملکوں کے فائدے کے لئے ایک علاقائی اقتصادی مرکز بننے جا رہا ہے۔

عبدالباسط کے بیان پر انڈین وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ نے ٹوئٹر پر کہا ’جموں و کشمیر میں صرف پاکستان کی سپانسر شدہ دہشت گردی کے خلاف مذاحمت ہو رہی ہے۔ این ایس اے سطح پر ہونے والے مذاکرات کا یہی موضوع ہو گا‘۔


خبر کا کوڈ: 479910

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/479910/مسئلہ-کشمیر-پشت-نہیں-رکھ-سکتے-عبدالباسط

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org