0
Tuesday 12 May 2009 19:19

عراق: اپنے ہی ساتھی کے ہاتھوں 5 امریکی فوجی ہلاک

عراق: اپنے ہی ساتھی کے ہاتھوں 5 امریکی فوجی ہلاک
عراق کے دارالحکومت بغداد میں واقع امریکی فوج کے ایک اڈے پر ایک امریکی فوجی نے فائرنگ کر کے اپنے پانچ ساتھیوں کو ہلاک کر دیا ہے. امریکی فوج کے ایک ترجمان میرین لیفٹیننٹ ٹام گارنیٹ نے کہا ہے کہ فائرنگ کرنے والا امریکی فوجی ہے اور اسے حراست میں لے لیا گیا ہے. واشنگٹن میں پینٹاگان کے ایک عہدے دار نے بھی امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائرنگ کرنے والا امریکی فوجی ہے. امریکی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ واقعہ بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک واقع فوجی اڈے ''کیمپ لبرٹی'' میں مقامی وقت کے مطابق سوموار کو دوپہر دو بجے کے قریب پیش آیا. تاہم امریکی فوج کی جانب سے فوری طور پر واقعہ کے محرکات کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا اور صرف اتنا کہا گیا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے. سی این این نے ایک امریکی عہدے دار کے حوالے سے کہا ہے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ ذہنی تناٶ کا شکار امریکی فوجیوں کے لئے قائم ایک کلینک میں پیش آیا ہے اور اس میں تین امریکی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں. اس سے پہلے دارالحکومت بغدادکے وسطی علاقے میں عراقی ٹریفک پولیس کے ایک اعلیٰ افسر بریگیڈئیر جنرل عبدالحسین الکضومی کو مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا.حملے کے وقت وہ کار میں سوار ہو کر اپنے گھرسے دفتر جا رہے تھے.

امریکی فوج نے سوموار ہی کو ایک اور بیان میں کہا ہے کہ جنوبی شہر بصرہ میں اتوار کو ایک امریکی فوجی سڑک کے کنارے رکھے بم کے دھماکے میں ماراگیا ہے.

یاد رہے کہ دومئی کوعراق کے شمالی شہر موصل کے قریب عراقی فوج کی وردی میں ملبوس ایک حملہ آور نے فائرنگ کرکے دوامریکی فوجیوں کو ہلاک کردیا تھا.شمالی شہر موصل سے بیس کلومیٹر جنوب میں پیش آئے فائرنگ کے اس واقعہ میں تین امریکی فوجی زخمی ہوئے تھے اور حملہ آور کو ہلاک کردیا گیا تھا.

اپریل میں عراق میں انیس امریکی فوجی مزاحمت کاروں کے حملوں اور جھڑپوں میں مارے گئے تھے.ان میں پانچ فوجی موصل میں ایک خودکش ٹرک بم دھماکے میں مارے گئے تھے.

24فروری کوموصل ہی میں دوعراقی پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کر کے چار امریکی فوجیوں اور ان کے مقامی مترجم کو ہلاک کر دیا تھا.گذشتہ ایک سال کے دوران موصل میں عراقی اہلکاروں کی جانب سے امریکی فوجیوں پر فائرنگ کا یہ چوتھا واقعہ تھا.12نومبر کو ایک عراقی فوجی نے شہر میں دوامریکی فوجیوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا تھا جس کے بعد اس عراقی فوجی کو بھی گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا.
خبر کا کوڈ : 4801
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش