QR CodeQR Code

اٹک، پنجاب کے دبنگ وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ خودکش دھماکے میں شہید، 10 افراد جاں بحق

16 Aug 2015 15:05

اسلام ٹائمز: شجاع خانزادہ کے بیٹے سہراب خانزادہ کا کہنا ہے کہ وہ چائے لینے باورچی خانے گیا تو دھماکہ ہوگیا، دھماکے سے عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ ملبے کو جلد سے جلد ہٹانے کی کوشش جاری ہے۔ حساس اداروں نے بھی اپنی رپورٹس میں وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ پر حملے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ شہید ہوگئے جبکہ  10 افراد جاں بحق اور 40 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو حضرو ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ وزیر داخلہ پنجاب دھماکے کے وقت عوامی مسائل سن رہے تھے، دھماکے کی آواز اتنی زیادہ تھی کہ کئی کلومیٹرز دور تک سنی گئی، دھماکے کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔ پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے۔ دھماکے کے بعد پاک فوج کی کوئیک ری ایکشن فورس موقع پر پہنچ گئی، علاوہ ازیں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں دو ہیلی کاپٹرز بھی حصہ لے رہے ہیں۔ دھماکے کے نتیجے میں ڈیرے کی چھت گر گئی اور صوبائی وزیر سمیت متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ صوبائی وزیر سمیت متعدد افراد شدید زخمی ہیں، جن کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ نثار علی خان نے امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور حکم دیا ہے کہ زخمیوں کو تمام ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں، امدادی کارکنوں نے بعد ازاں ملبے تلے دبے مزید چھ افراد کی لاشیں نکال لیں، جس سے مرنے والوں کی تعداد 10 ہوگئی، مرنے والوں میں ڈی ایس پی حضرو بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ ایک اور سکیورٹی اہلکار ساجد بھی شدید زخمی حالت میں ملبے تلے سے نکال لیا گیا ہے۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے دھماکہ کے منصوبہ سازوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ خودکش دھماکے میں شہید ہوگئے۔ وزیراعلٰی پنجاب کے مشیر ڈاکٹر سعید الٰہی نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ پنجاب خودکش حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔ آج صبح اٹک کے گائوں شادی خان میں ہونے کے والے خود حملے میں وزیر داخلہ پنجاب سمیت 10 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ شہید افراد میں ڈی ایس پی حضرو سید شوکت شاہ بھی شامل ہیں، جن کی لاش ملبے سے نکال لی گئی۔ خودکش دھماکہ اٹک میں شادی خان گاؤں میں ہوا۔ خودکش دھماکے میں پوری عمارت زمین بوس ہوگئی۔ دھماکے کے وقت ڈیرے پر جرگہ ہو رہا تھا اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق خودکش حملہ آور نے آکر خود کو دھماکے سے اڑالیا، دھماکے کے نتیجے میں ڈیرے کی چھت گر گئی۔ ابتدا میں سیکرٹری شجاع خانزادہ ملک انصار نے ان کے زخمی ہونے کی خبر دی تھی۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ملبے کے نیچے سے 13 زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کر دیا ہے، خودکش حملے میں شہید 6 سے زائد افراد کی لاشیں نکال لیں ہیں۔ زخمیوں کو ریسکیو کرنے کے لئے ہیلی کاپٹر اٹک پہنچا دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک آرمی کی کوئیک ری ایکشن ٹیم دھماکے کی جگہ پہنچ گئی۔ پاک فوج کی خصوصی ٹیمیں گراونڈ ریڈارز، کٹرز اور دیگر سامان سے لیس ہیں۔ وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے اٹک میں شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، انہوں نے خودکش حملے کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔ وزارت داخلہ کی ریسکیو کیلئے ہیلی کاپٹر فراہم کیا اور صوبائی اور وفاقی اداروں کو بھی فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے آرمی اور ائرفورس کو بھی امدادی کارروائی کی ہدایت کی کہ دھماکے میں شدید زخمی ہونیوالوں کو کامرہ جب کہ معمولی زخمیوں کو اسلام آباد منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے اسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ شجاع خانزادہ کے بیٹے سہراب خانزادہ کا کہنا ہے کہ وہ چائے لینے باورچی خانے گیا تو دھماکہ ہوگیا، دھماکے سے عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ ملبے کو جلد سے جلد ہٹانے کی کوشش جاری ہے۔ حساس اداروں نے بھی اپنی رپورٹس میں وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ پر حملے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 480173

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/480173/اٹک-پنجاب-کے-دبنگ-وزیر-داخلہ-کرنل-ر-شجاع-خانزادہ-خودکش-دھماکے-میں-شہید-10-افراد-جاں-بحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org