QR CodeQR Code

پختونوں کو شک کی نظر سے دیکھنا انتہائی غلط ہے، برداشت نہیں کرسکتے، محمود خان اچکزئی

16 Aug 2015 23:36

اسلام ٹائمز: چکوال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم اے پی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر پختون کو افغانی سمجھ کر مختلف حربوں سے تنگ کیا جا رہا ہے اور ہزاروں کی تعداد میں قومی شناختی کارڈز بلاک کئے گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور ممبر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے ملک میں پختونوں کے قومی شناختی کارڈز بلاک کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اسے غیر قانونی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر پختون کو افغانی سمجھ کر مختلف حربوں سے تنگ کیا جا رہا ہے، اور ہزاروں کی تعداد میں قومی شناختی کارڈز بلاک کئے گئے ہیں۔ ان کے مطابق پختون پاکستان کے شہری ہیں اور انہیں ملک کے تمام بنیادی حقوق پر اتنا ہی حق ہے، جتناکہ باقی اقوام کا ہے۔ ضلع چکوال کے قصبے چوان سیدن شاہ میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسا پاکستان جس میں تمام اقوام برابر ہوں، اور انصاف ہو، ایسے پاکستان کا کا قیامت تک ساتھ دیں گے۔ آج ملک بھر خصوصاً پنجاب میں پختونو کے ساتھ پولیس کا رویہ انتہائی غیر انسانی ہے۔ اگر کوئی پختون کوئی بھی غلط کام کرتاہے، اسے فورا گرفتار کیا جائے، اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، مگر یہ بات انتہائی غلط ہے، کہ ہر پختون جو پگڑی پہنتا ہو، یا داڑھی رکھتا ہو، اسے شک کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔

محمود خان اچکزئی نے اپنے خطاب میں مزید کہا ہے کہ پاکستان پانچ اقوام کا ملک ہے اور پاکستان کا آئین اور قانون ہر شہری کو یہ حق دیتا ہے کہ وہ جہاں چاہے اور جب چاہے اپنا روزگار کر سکتا ہے۔ اگر کسی کا یہ خیال ہے کہ یہاں پختون لاوارث ہیں، تو یہ ان کی کم عقلی ہے۔ تمام پختونوں کا وارث پختونخوا ملی عوامی پارٹی ہے۔ محمود خان اچکزئی نے مزید کہا کہ پختونوں کی ہزاروں سال کی تاریخ ہے۔ آج تک کسی مورخ نے پختونوں کو دہشت گرد قرار نہیں دیا، بلکہ مہمان نواز اور مہذب قوم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی شناختی کارڈ اور بے فارم وغیرہ بلاک ہونے کی وجہ سے بچوں کو سکولوں سے بے دخل کیا جا رہا ہے اور تعلیم کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے، جو کہ بنیادی انسانی حقوق کے خلاف ہے، اور آخر میں انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ایسے اقدامات فی الفور بند کر دیئے جائیں۔ جلسہ عام سے پختونخوا میپ کے سینٹر عثمان خان کاکڑ، حاجی جمیل خان اور ڈاکٹر سرور مندوخیل نے بھی خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 480259

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/480259/پختونوں-کو-شک-کی-نظر-سے-دیکھنا-انتہائی-غلط-ہے-برداشت-نہیں-کرسکتے-محمود-خان-اچکزئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org