0
Sunday 16 Aug 2015 23:34
شجاع خانزادہ کے قاتل انجام سے نہیں بچ سکیں گے، شہباز شریف

کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کی آبائی قبرستان میں تدفین، خودکش دھماکے کے شہداء کی تعداد 20 ہوگئی

کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کی آبائی قبرستان میں تدفین، خودکش دھماکے کے شہداء کی تعداد 20 ہوگئی
اسلام ٹائمز۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے اور رہے گی اور آج اس جنگ میں ایک اور بہادر سپاہی شہید ہوگیا۔ آج اٹک حملے میں شہید ہونے والے پنجاب کے وزیر داخلہ شجاح خانزداہ اور ڈی ایس پی شوکت شاہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے، جس میں وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف، وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی شرکت کی۔ بعد میں کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کو ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ وزیر داخلہ اور ڈی ایس پی سمیت 20 افراد آج اٹک کے خودکش حملے میں شہید ہوئے۔ بلوچستان اور آزاد کشمیر میں آج، جبکہ پنجاب میں 3دن سوگ رہے گا۔

ادھر وزیراعلٰی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی شہادت سے ملک سچے پاکستانی اور وطن پر جان چھڑکنے والے سیاستدان سے محروم ہوگیا ہے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ میں کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی شہادت کے صدمے کو اپنے الفاظ میں بیان کرنے سے قاصر ہوں۔ وہ میرے عزیز ساتھی تھے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں گرانقدر خدمات سر انجام دیں، جنہیں قوم کبھی فراموش نہیں کرسکے گی۔ کرنل (ر) شجاع خانزادہ دیانت، محنت اور جرات کے اعتبار سے اپنی مثال آپ تھے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے خلاف ہماری جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی اور سفاک قاتل اپنے عبرتناک انجام سے بچ نہیں سکیں گے۔ وزیراعلٰی نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا اور آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی۔

قبل ازیں وزیراعلٰی نے چودھری شیر علی کو حملہ کے فوری بعد موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واقعہ میں دیگر شہداء کے لواحقین سے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلٰی پنجاب نے پولیس لائن اٹک میں صوبائی وزیر داخلہ اور ڈی ایس پی کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ وزیر داخلہ چودھری نثار، رانا مشہود احمد، بلال یاسین، خواجہ احمد حسان اور دیگر ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ وزیراعلٰی نے کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید اور ڈی ایس پی شوکت شاہ شہید کی میتوں پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وزیراعلٰی اس موقع پر انتہائی غمزدہ دکھائی دے رہے تھے، بعدازاں شہید کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ شہید کے بیٹے جہانگیر خانزادہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے والد نے پاکستان کے لئے لازوال قربانی دی ہے اور ان کی عظیم مقصد کے لئے قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 480282
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش