QR CodeQR Code

ایل پی جی پلانٹس کی تنصیب کا کام جلد مکمل کرینگے، جام کمال خان

17 Aug 2015 15:57

اسلام ٹائمز: کوئٹہ مستونگ 16 انچ قطر کی ساڑھے 37 کلومیٹر طویل گیس پائپ لائن کے حوالے سے سوئی سدرن گیس کمپنی کے ایس جی ایم این کیجانب سے دی جانیوالی بریفنگ کے موقع پر شرکاء سے خطاب میں وزیر مملکت برائے قدرتی وسائل کا کہنا تھا کہ سوئی سدرن گیس شہریوں تک بلا تعطل گیس کی فراہمی کو یقینی بنائے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر مملکت برائے پیٹرولیم و قدرتی وسائل میر جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کے لوگوں کی سہولت کیلئے گیس پائپ لائن کی تنصیب کے منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔ صوبے میں زیر التواء پائپ لائنوں اور ایل پی جی پلانٹس کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور کام کی رفتار کو بھی تیز کیا جائے۔ بریفنگ کے دوران ایس جی ایم این ماجد ملک نے کوئٹہ مستونگ ساڑھے 37 کلو میٹر طویل 16 انچ قطر کی ہائی پریشر گیس پائپ لائن کے حوالے سے بتایا کہ مذکورہ منصوبہ کمپنی نے عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے 4 ماہ کے قلیل عرصے میں مکمل کیا ہے۔اس پائپ لائن سے مستونگ، کھڈکوچہ، منگوچر، قلات اور اس سے ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ اس پائپ لائن سے گیس کی فراہمی شروع ہونے سے سردیوں کے موسم میں مستونگ، منگوچر، کھڈ کوچہ، قلات اور متعدد علاقوں میں جو گیس پریشر کی کمی کی شکایت تھیں، اب وہ دور ہوجائیگی۔ لوگوں کو شدید سردی میں بلاتعطل اور بغیر کسی رکاوٹ کے پریشر کے ساتھ لوگوں کو گیس دستیاب ہوگی۔ مذکورہ پائپ لائن کا منصوبہ مکمل ہوچکا ہے۔ لوگوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اور مزید سہولیات کی فراہمی کیلئے دیگر علاقوں کو بھی گیس کی فراہمی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت برائے پیٹرولیم و قدرتی وسائل میر جام کمال خان نے ایس جی ایم این ماجد ملک اور دیگر حکام کو ہدایت کی کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جتنی بھی گیس پائپ لائنوں کی زیر التواء اسکیمات ہیں، انہیں جلد از جلد مکمل کرکے شہریوں تک بلا تعطل گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے علاوہ ایل پی جی پلانٹ کے منصوبوں کے حوالے سے تیزی سے کام کیا جائے۔ ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جن سے گیس کے نقصانات کم سے کم ہو۔ اس موقع پر ایس جی ایم این نے بتایا کہ اس سلسلے میں کمپنی تیزی سے کام کر رہی ہے۔ تاکہ ایسی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، جن سے کم سے کم نقصانات ہوں۔


خبر کا کوڈ: 480326

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/480326/ایل-پی-جی-پلانٹس-کی-تنصیب-کا-کام-جلد-مکمل-کرینگے-جام-کمال-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org