QR CodeQR Code

مولانا فضل الرحمان کراچی پہنچ گئے، کل متحدہ رہنماؤں سے نائن زیرو پر ملاقات کرینگے

17 Aug 2015 22:29

اسلام ٹائمز: کراچی پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایم کیو ایم سے مذاکرات کی کامیابی کی امید نہ ہوتی، تو کراچی نہ آتا، الطاف حسین سے اطمینان بخش بات چیت ہوئی، اب متحدہ قیادت سے بات چیت کیلئے کراچی آیا ہوں، مذاکرات میں ہونیوالی پیشرفت سے قوم اور وزیراعظم کو آگاہ کروں گا۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کل بروز منگل ظہرانے پر متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں سے کراچی میں نائن زیرو پر ملاقات کریں گے۔ ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق جے یو آئی (ف) کے رہنما اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات کا وقت اور مقام طے ہوگیا ہے، وہ کل دن 11 بجے نائن زیرو آئیں گے، جہاں ان کا استقبال کیا جائے گا، جبکہ کل ظہرانے پر مولانا فضل الرحمان کی ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات ہوگی، اطلاعات کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے ڈاکٹر فاروق ستار اور کنور نوید جمیل ملاقات میں شریک ہوں گے۔

دوسری جانب مولانا فضل الرحمان جے یو آئی کے رہنما اکرم درانی اور امین زمان کے ہمراہ کراچی پہنچے، اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ ہمیں ملکی استحکام عزیز ہے، جس کیلئے سیاسی استحکام بھی ضروری ہے، جبکہ ایم کیو ایم سے مذاکرات کی کامیابی کی امید نہ ہوتی، تو کراچی نہ آتا۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین سے اطمینان بخش بات چیت ہوئی، اب ایم کیو ایم کی قیادت سے بات چیت کیلئے کراچی آیا ہوں، جبکہ مذاکرات میں جو پیشرفت ہوگی، اس سے قوم اور وزیراعظم کو آگاہ کروں گا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عام آدمی کی جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری ریاست پر ہوتی ہے، جبکہ کراچی میں عوام اب امن اور اطمینان محسوس کر رہے ہیں، اور ایم کیو ایم کو بھی اس بات کا احساس ہے، البتہ اگرہ وہ محسوس کر رہی ہے کہ آپریشن اس کے خلاف ہے، تو اس پر بات ہونی چاہیے۔ واضح رہے ایم کیو ایم کی جانب سے قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ کی نشستوں سے استعفے دینے کے بعد وفاقی حکومت نے انہیں منظور نہ کرنے کا فیصلہ کیا، اور ایم کیو ایم کے تحفطات دور کرنے کیلئے مولانا فضل الرحمان کو ثالث کا کردار ادا کرنے کیلئے کراچی بھیجا ہے۔


خبر کا کوڈ: 480433

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/480433/مولانا-فضل-الرحمان-کراچی-پہنچ-گئے-کل-متحدہ-رہنماؤں-سے-نائن-زیرو-پر-ملاقات-کرینگے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org