0
Wednesday 19 Aug 2015 10:43

رشید گوڈیل نے 12 اگست کو ہی قاتلانہ حملے کا خدشہ ظاہر کر دیا تھا

رشید گوڈیل نے 12 اگست کو ہی قاتلانہ حملے کا خدشہ ظاہر کر دیا تھا
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما رشید گوڈیل نے 12 اگست کو ایم کیو ایم کے دیگر ارکان کے ہمراہ استعفیٰ دینے کے موقع پر ہی زندگی کو لاحق شدید خطرات سے آگاہ کر دیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ کراچی میں کچھ لوگ میرا پیچھا کرتے ہیں، میرے پاس سیکیورٹی نام کی کوئی چیز نہیں، ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ شاید ستمبر کا مہینہ نہ دیکھ سکوں۔ رشید گوڈیل کے قریبی ذرائع بتاتے ہیں کہ وہ زیادہ تر اپنے حلقہ انتخاب میں رہتے ہیں، اور بغیر کسی سیکیورٹی یا پروٹوکول کے علاقے میں گھومتے ہیں۔ واضح رہے کہ رشید گوڈیل 7 ستمبر 1960ء کو کراچی میں پیدا ہوئے، 2005ء میں متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت اختیار کی، 2008ء اور 2013ء کے عام انتخابات میں متحدہ قومی موومنٹ کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، اس سے قبل 2005ء میں جمشید ٹاؤن کے علاقے سے یونین کونسل کے ناظم منتخب ہوئے۔ رواں برس ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے سنیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر کے عہدے سے ہٹا کر رشید گوڈیل کو قائم مقام پارلیمانی لیڈر مقرر کیا۔

اس سے قبل ان کی سیاسی و تنظیمی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے انھیں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی میں بھی شامل کیا گیا، تاہم الطاف حسین کی جانب سے رابطہ کمیٹی کو تحلیل کئے جانے کے ساتھ ہی انھیں بھی رکن رابطہ کمیٹی کے عہدے سے فارغ کر دیا گیا تھا۔ متحدہ قومی موومنٹ کے الیکشن سیل کے مطابق رشید گوڈیل کی تعلیمی قابلیت بی اے ہے، جبکہ ذریعہ آمدن نجی میڈیکل یونیورسٹی سے حاصل ہونے والی آمدنی ہے۔ ان کا تعلق مڈل کلاس فیملی سے ہے، اور اُن کے حلقہ احباب کے مطابق وہ سیلف میڈ انسان ہیں، تعلیم کے شعبے میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، وہ مستحق طلبا و طالبات کے تعلیمی اخراجات اٹھاتے ہیں، اور انھوں نے اس حوالے سے کسی قسم کی نمود و نمائش کبھی نہیں کی۔
خبر کا کوڈ : 480684
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش