0
Monday 24 Aug 2015 09:30

شجاع خانزادہ کیس میں پیش رفت ہوئی ہے، لیکن ابھی تک بریک تھرو نہیں ملا، چوہدری نثار علی

شجاع خانزادہ کیس میں پیش رفت ہوئی ہے، لیکن ابھی تک بریک تھرو نہیں ملا، چوہدری نثار علی
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کا قتل تاحال ایک "بلائنڈ کیس" ہے اور اس میں ابھی تک کوئی بریک تھرو نہیں ملا ہے۔ پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے اُن میڈیا رپورٹس کو مسترد کر دیا، جن میں کہا گیا تھا کہ سکیورٹی ایجنسیز نے ملک کے مختلف حصوں میں چھاپے مار کر 16 اگست کو شجاع خانزادہ پر اٹک میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ انہوں نے میڈیا پر دہشت گردی کے واقعات سے متعلق غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے گریز پر زور دیتے کہا کہ یہ قتل کا ایک بلائنڈ کیس ہے اور مجھے میڈیا میں گردش کرنے والی ان افواہوں پر شدید حیرت ہے، جن میں ایک معمولی سے چور کی گرفتاری کو بھی شجاع خانزادہ کے قتل سے جوڑ دیا جاتا ہے۔ چوہدری نثار نے شجاع خانزادہ کیس کے سلسلے میں اسلام آباد کے ایک مدرسے پر چھاپے اور ملزمان کی گرفتاری کی خبروں کو بھی مسترد کر دیا اور کہا کہ اس طرح کی خبریں تفتیش کو متاثر کرسکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کیس میں پیش رفت ہوئی ہے، لیکن ابھی تک بریک تھرو نہیں ملا اور جیسے ہی کیس میں بریک تھرو ملا، میڈیا کو اس سے آگاہ کیا جائے گا۔ اٹک حملے میں ناکافی سکیورٹی کے کردار کے حوالے سے سوال کے جواب میں چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر داخلہ ہونے کی حیثیت سے شجاع خانزادہ اپنی سکیورٹی کے خود ذمہ دار تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ شجاع خانزادہ کو اس حوالے سے خبردار کیا گیا تھا اور وہ 3 ہفتوں سے اپنے گاؤں نہیں جا رہے تھے۔ چوہدری نثار نے بتایا کہ شجاع خانزادہ کو ایک تقریب میں شرکت کے لئے اپنے آبائی گاؤں جانا پڑا، ان کا اپنے ڈیرے پر بیٹھنے کا بھی کوئی ارادہ نہیں تھا، تاہم حجرے میں لوگوں کو بیٹھا دیکھ کر وہ اندر چلے گئے۔ یاد رہے کہ رواں ماہ 16 اگست کو پنجاب کے صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ اٹک کے علاقے میں اپنے آبائی گاؤں شادی خان میں اس وقت جان کی بازی ہار گئے تھے، جب ان کے ڈیرے پر خودکش حملہ کیا گیا۔ اس واقعے میں کرنل (ر) شجاع خانزادہ سمیت 18 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 481643
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش